رسجا کے انتخابات مکمل،افضل جاوید صدر منتخب

راولپنڈی اسلام آباد سپورٹس جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ، رسجا انتخابات میں افضل جاوید 2 سال کیلئے صدر ،ناصر عباس نقوی اور یاسر نذر ایک ایک سال کے لیے جنرل سیکرٹری جب کہ زاہد یعقوب خواجہ 2 سال کیلئے سینئر نائب صدر ،ذیشان قیوم اور عارف محمود نائب صدور،عبدالقادر فنانس سیکرٹری جب کہ عقیل انجم اور امبرین علی جوائنٹ سیکرٹری منتخب ہو گئے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق راولپنڈی اسلام آباد سپورٹس جرنلٹس ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کا انعقاد سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں ہوا ، انتخاب میں فاونڈر پینل ،ورکر پینل اور ینگ جرنلسٹ پینل مدمقابل تھے، فاونڈر پینل کی جانب سے افضل جاوید 19 ووٹ حاصل کرکے صدر کی سیٹ پر کامیاب ٹھہرے جب کہ ان کے مقابل میں ورکرز پینل کے صدر کے امیدوار محسن اعجاز نے 14 ووٹ اور ینگ جرنلسٹ کی طرف سے صدارت کی کرسی کے امیدوار محمد شفیق نے 11 ووٹ حاصل کیے۔سیکرٹری کی سیٹ پر ورکرز پینل کی طرف سے ناصر عباس نقوی نے 15 ووٹ حاصل کیے جب کہ ینگ جرنلسٹ پینل کی طرف سے یاسر نذر نے بھی 15 ووٹ حاصل کیے جب کہ فاونڈر پینل کے ذوالفقار بیگ نے 14 ووٹ حاصل کیے ، ضابطہ اخلاق کے مطابق فیصلہ ٹاس پر ہوا جس کے تحت پہلے سال جنرل سیکرٹری کا عہدہ ورکر پینل کے ناصر عباس نقوی کے پاس رہے گا جب کہ دوسرے سال یہ عہدہ ینگ جرنلسٹ پینل کے یاسر نذر سنبھالیں گے ۔ فنانس سیکرٹری کے لیے فاونڈر پینل کے امیدوار عبدالقادر نے 17 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جب کہ ان کے مدمقابل ورکرز پینل کے امیدوار رضوان احمد غزلی 11 اور ینگ جرنلسٹ پینل کے امیدوار شاہ خالد 15 ووٹ حاصل کر سکے ۔

سینئر نائب صدر کی سیٹ پر فاونڈر پینل کے زاہد یعقوب خواجہ نے 22 ووٹ لے کر میدان مار لیا جب کہ ان کے مدمقابل ورکرز پینل کے زاہد اعوان 17 ووٹ حاصل کر سکے۔نائب صدر کی دو نشستوں پر ینگ جرنلسٹ پینل کے ذیشان قیوم 26 ووٹ لے کر اور ورکرز پینل کے عارف محمود 24 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے ، نیلم ارشد نے 19 جب کہ وفا عباس نے 11 ووٹ لیے ۔جوائنٹ سیکرٹری کی 2 نشستوں کے لیے تینوں پینلز کے 6 امیدواروں کے مابین مقابلہ تھا ، فاونڈر پینل کے عقیل انجم نے 16 ووٹ اور ینگ جرنلسٹ پینل کی عنبرین علی نے 15 لے کر کامیابی حاصل کی ،اعتزاز حسن نے 14 ، عبد الغفار خان نے 13 سہیل احمد راجہ نے 13 ووٹ حاصل کیے۔ناصر اسلم راجہ ، سید ارسلان شیرازی اور روزینہ علی پر مشتمل تین رکنی الیکشن کمیٹی نے نتائج کا اعلان کیا۔

تعارف: newseditor