کراچی: نوجوان پاکستانی لیگ اسپنر شاداب خان کی عمدہ باؤلنگ کی وجہ سے دنیا بھر میں بہت مانگ ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ ہانگ کانگ سپر بلٹز کے دوسرے ایڈیشن کیلئے ہانگ کانگ آئی لینڈ یونائیٹڈ کا حصہ بن گئے ہیں۔
ہانگ کانگ آئی لینڈ یونائیٹڈ نے اعلان کیا کہ شاداب خان نائب کپتان کی حیثیت سے ٹیم کا حصہ بن گئے ہیں اور وہ حسن علی کے بعد ٹیم کا حصہ بننے والے دوسرے پاکستانی کھلاڑی ہیں۔
یاد رہے کہ ہانگ کانگ آئی لینڈ یونائیٹڈ کی مینجمنٹ پاکستان سپر لیگ کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کی بھی مالک ہے۔
پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کیلئے عدہ کارکردگی دکھا کر شاداب خان پاکستانی سلیکٹرز کی نظروں میں آئے اور جلد ہی اپنی عمدہ کارکردگی سے قومی ٹیم رکن بن گئے۔
نوجوان لیگ اسپنر چیمپیئنز ٹرافی کی فاتح پاکستانی ٹیم کے رکن تھے اور کیریبیئن پریمیئر لیگ کے ساتھ ساتھ اس وقت آسٹریلین ٹی20 لیگ بگ بیش میں بھی کارکردگی دکھا رہے ہیں۔
شاداب خان نے اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ بننے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرے سفر کا آغاز اسلام آباد یونائیٹڈ کی سرخ جرسی سے ہوا تھا اور اب میں ہانک کانگ یونائیٹڈ کی جرسی پہننے کیلئے بھی بہت پرجوش ہوں۔
لیگ اسپنر نے کہا کہ نائب کپتان مقرر کیے جانا بہت فخر کی بات ہے۔ میں ابھی صرف 19سال کا ہوں اور یہ میرے لیے بہت قیمتی تجربہ ثابت ہو گا، مجھے امید ہے کہ میں اپنی قائدانہ صلاحیتیں نکھار سکوں گا۔