پاکستانی ٹیم کی نیوزی لینڈ میں ناقص کارکردگی پر نالاں سابق قومی کپتان رمیز راجہ نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے مطالبہ کیا ہے کہ جو کھلاڑی بہترین کارکردگی دکھانے سے قاصر ہیں انہیں فوری طور پر ٹیم سے نکال باہر کیا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کیخلاف شرمندگی کا باعث بننے والی شکستوں نے یہ تاثر مضبوط تر کردیا ہے کہ جو پاکستانی کھلاڑی اچھی کارکردگی نہیں دکھا رہے ان سے پیچھا چھڑا لیا جائے کیونکہ اگر اب بھی فیصلہ کرنے والوں آنکھیں نہ کھلیں تو پھر یہ وقت کب آئے گا؟ گزشتہ روز سوشل میڈیا پر انہوں نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ کیخلاف مسلسل ناکامی کے بعد اب وہ وقت آگیا ہے کہ کچھ کھلاڑیوں کے مستقبل کا فیصلہ کردیا جائے۔ واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کی بیٹنگ لائن تواتر کے ساتھ ناکامی کا شکار ہو رہی ہے اور پاکستانی کھلاڑی باؤنسی وکٹوں پر خود کو ہم آہنگ نہیں کر رہے جس پر چیف سلیکٹر انضمام الحق بھی گرین شرٹس کی حالیہ کارکردگی پر عدم اطمینان ظاہر کرتے ہوئے کہہ چکے ہیں کہ ٹیم کے سینئر اور تجربہ کار کھلاڑیوں کی جانب سے کارکردگی کا فقدان بدترین پہلو کی نشاندہی کر رہا ہے اور انہیں سیریز کے باقی میچوں کے دوران اپنا بہترین کھیل پیش کرنا ہی ہوگا۔ کرکٹ کمنٹری کے شعبے سے وابستہ رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ یہی بات کہتے آئے ہیں کہ کسی میچ میں ہارجانا ذلت کی بات نہیں لیکن یہ بات ناقابل قبول ہے کہ کھلاڑی اپنی بہترین صلاحیتوں کے مطابق کارکردگی دکھانے سے محروم رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ پریشان کن بات تو یہ ہے کہ موجودہ ٹیم کے تجربہ کار کھلاڑی مسلسل ناکام ہو رہے ہیں اور ان کی جانب سے بہترین کارکردگی سامنے نہیں آ رہی ہے جسے کسی بھی اعتبار سے اچھا نہیں کہا جا سکتا۔ رمیز راجہ نے واضح کیا کہ کارکردگی نہ دکھانے والوں کو فوری باہر کردینا چاہئے۔