پاکستان اور ورلڈ الیون ہاکی ٹیم کے درمیان دوسرا میچ آج

ورلڈ ہاکی الیون اور پاکستان کی جونیئر ٹیم کے درمیان دو میچوں کی سیریز کا دوسرا اور آخری میچ آج (21جنوری)دو بجے نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا ۔ٹورنامنٹ کے کوآرڈی نیٹر بدر رفاعی کے مطابق انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور شائقین کو بہترین میچ دیکھنے کو ملے گا۔ انہوں نے بتایا کہ میچ سے قبل کنسرٹ ہوگا جس میں مختلف فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ورلڈ الیون نے کراچی میں ہونے والے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان انڈر18 ٹیم کو نمائشی میچ میں 5۔1 سے شکست دے کر سیریز میں 1۔0 کی برتری حاصل کررکھی ہے ۔ ورلڈ الیون میں ہالینڈ کے پانچ، سپین کے چار، ارجنٹائن کے تین، جرمنی کے دو، آسٹریلیا اور بیلجیم کا ایک ایک کھلاڑی شامل ہے۔اس کے علاوہ ہال آف فیم میں شامل ماضی کے عظیم کھلاڑی فولرس جان بوولینڈر، جان اسکارے، پال لیجنز، امپائر ڈان پرائیر اور روب لاتحیور بھی پاکستان آئے ہیں۔ورلڈ الیون ٹیم کی قیادت ہالینڈ کے روڈیک واستوف کریں گے جنہیں سہیل عباس کے انکار کے بعد کپتانی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے جبکہ پاکستانی ٹیم کی قیادت جونئیر ٹیم کے کپتان جنید منظور کریں گے۔ورلڈ الیون کے خلاف پاکستان نے سینئر ٹیم کے بجائے جونئیر ٹیم میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان دوسرا میچ آج (21جنوری کو) لاہور میں ہوگا۔میچ کے لیے ٹکٹ کی قیمت بھی کم رکھی گئی ہے جس میں 250،500 اور ہزار روپے کے ٹکٹ شامل ہیں تاہم کراچی میں زیادہ تر ٹکٹ تماشائیوں میں مفت تقسیم کیے گئے تھے ۔ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان اور اس سیریز کے انعقاد کا مقصد پاکستان میں انٹرنیشنل ہاکی سمیت کھیلوں کے مقابلوں کی بحالی ہے۔

تعارف: newseditor