انڈر19ورلڈ کپ،آکاش سنچری سکور کرنے والے پہلے کینیڈین

آئی سی سی انڈر19ورلڈ کپ کے نویں پوزیشن کیلئے کوارٹر فائنل معرکے میں کینیڈا نے مرد میدان آکاش گل کی شاندار سنچری کی بدولت پاپوا نیو گنی کو 80 رنز سے جبکہ زمبابوے نے نمیبیا کو سات وکٹوں سے مات دے دی۔ لنکن کے گراؤنڈ نمبر تین میں ٹاس میں ناکامی کے بعد کینیڈا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آٹھ وکٹوں پر 265 رنز بنائے جس میں آکاش گل کے بارہ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے بنائے ہوئے 120رنز نمایاں تھےیوں آکاش گل آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں کینیڈا کی جانب سے سنچری سکور کرنے والے پہلے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔ جیمز تاؤ اور لیکے موریا نے دو،دو وکٹیں حاصل کیں۔ پاپوا نیو گنی نے جوابی اننگز میں سائمن اتائی کے 81 اور اوویا سام کے 23 رنز کی بدولت 35 ویں اوور تک دو وکٹوں پر 140 رنز بنائے مگر 45 رنز کے فرق سے آٹھ وکٹیں گنوا کر پوری ٹیم 185 تک محدود ہو گئی۔ نویں پوزیشن کے ایک اور پلے آف کوارٹر فائنل میں نمیبیا کی ٹیم 41 ویں اوور میں 113 رنز پر سمٹ گئی جس میں ایبن فان وک نے 24 رنز بنائے اور صرف چار کھلاڑیوں کو ڈبل فگرز میں داخلے کا موقع ملا۔ این کوسیلاتھی نونگو،ڈیون میئرز اور ویزلے مدھیویرے نے دو،دو وکٹیں حاصل کیں۔ جوابی اننگز میں زمبابوے کی ابتدائی دو وکٹیں محض چھ رنز پر گر گئیں لیکن اس کے بعد مرد میدان ویزلے مدھیویرے نے سات چوکوں کی مدد سے 47 رنز بنائے جبکہ السٹیئر فراسٹ نے 30 اور ٹیناشے نین ہونزی نے ناقابل شکست 23 رنز بنا کر سات وکٹوں سے فتح کا سامان کردیا۔

 

تعارف: newseditor