میلبرن: سوئٹزرلینڈ کے عالمی شہرت یافتہ ٹینس اسٹار اور عالمی نمبر دو راجر فیڈرر اور جمہوریہ چیک کے ٹامس برڈک آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔
آسٹریلیا میں جاری سال کے پہلے گرینڈ سلیم کے مینز سنگلز پری کوارٹر فائنل میچ میں سوئس اسٹار راجر فیڈرر نے ہنگری کے مارٹن فیوکسوویک کو 6-4، 7-6 اور 6-2 سے ہرا کر میگا ایونٹ کے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
واضح رہے کہ دفاعی چیمپیئن راجر فیڈرر اب تک ایونٹ میں ایک بھی سیٹ نہیں ہارے ہیں۔
ایک اور میچ میں جمہوریہ چیک کے ٹامس برڈک نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اٹلی کے فابیو فوجنینی کو اسٹریٹ سیٹس میں 6-1، 6-4 اور 6-4 سے ہرا کر میگا ایونٹ کے کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
کوارٹر فائنل میں راجر فیڈرر کا مقابلہ ٹامس برڈک سے ہو گا۔
ادھر خواتین کے مقابلوں میں عالمی نمبر ایک سیمونا ہیلپ، امریکا کی میڈیسن کیز اور جرمنی کی انجلیق کربر نے اپنی پیش قدمی کو برقرار رکھتے ہوئے آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔
ویمنز سنگلز پری کوارٹر فائنل میچ میں رومانیہ کی سیمونا ہالپ نے جاپانی حریف ناؤمی اوساکا کو اسٹریٹ سیٹس میں 6-3 اور 6-2 سے ہرا کر آخری آٹھ کھلاڑیوں میں جگہ بنائی۔
امریکا کی میڈیسن کیز نے فرانس کی کارولین گارشیا کو اسٹریٹ سیٹس میں 6-3 اور 6-2 اور جرمنی کی انجلیق کربر نے تائپے کی سو وائی کو 4-6، 7-5 اور 6-2 سے ہرا کر میگا ایونٹ کے کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
دوسری جانب مینز ڈبلز کے مقابلوں میں پولینڈ کے لیوکاس کیوبوٹ اور ان کے برازیلین ساتھی مارسیلو میلو اپنی پیش قدمی کو برقرار رکھتے ہوئے آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ مینز ڈبلز کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔
آسٹریلین اوپن کے مینز ڈبلز پری کوارٹر فائنل میچ میں پولینڈ کے لیوکاس کیوبوٹ اور ان کے برازیلین پارٹنر مارسیلو میلو نے سخت مقابلے کے بعد امریکا کے راجیو رام اور ان کے بھارتی ساتھی دیوج شاران کو پہلے سیٹ میں 6-3 سے شکست کے باوجود اگلے دونوں سیٹ 7-6 اور 6-4 سے ہرا کر میگا ایونٹ کے کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔