پی ایس ایل تھری شیڈول کے مطابق ہو گی،نجم سیٹھی

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)ویسٹ انڈین بورڈ اور پی سی بی کے درمیان مسلسل 5سیریز کھیلنے کا معاہدہ ختم ہوگیا ۔چیئرین پی سی بی نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ کیربین ٹیم صرف اس سال سیریز کھیلنے پاکستان آئے گی جبکہ 5 سہ ملکی سیریز امریکہ میں ہوں گی ،گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا سیریز کے تین میچز پاکستان میں کرانے سے کسی کو منافع نہیں ہوگا اور اسی لئے ویسٹ انڈین بورڈ کا کہنا ہے کہ اگر پیسے نہیں ملیں گے تو کھیلنے کا کیا فائدہ ،نجم سیٹھی نے کہا اب نیا معاہدہ تشکیل دیا جا رہا ہے جس کے تحت کیربین ٹیم اس سال تو پاکستان آئے گی جبکہ آئندہ لگاتار پانچ سال امریکہ میں سہ ملکی سیریز کھیلی جائے گی ۔ ایک سوال کے جواب میں نجم سیٹھی نے کہا نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں کلین سویپ پر ٹیم مینجمنٹ سے وطن واپسی پر پوچھ گچھ ہوگی ۔انہوں نے کہا دوسرے ٹی 20 سے پہلے میری مکی آرتھر سے فون پر بات ہوئی اور میرے مشورے پر سرفراز کو نمبرچار پر بھیجا گیا کیونکہ کپتان فرنٹ سے لیڈ کرتا ہے اور اچھی بات یہ ہے کہ سرفراز نے یہ بات مان لی ،انہوں نے کہا پیسر زکو زیادہ کرکٹ کھیلنے سے انجریز ہوئیں اب کھلاڑیوں کو صرف مخصوص لیگز کھیلنے کی اجازت ملے گی ،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا پی ایس ایل تھری کو کبھی کوئی خطرہ نہیں تھا،لیگ شیڈول کے مطابق ہوگی۔ ایف آئی اے کی جانب سے کرکٹ بورڈ کیخلاف تحقیقات کو بھی نجم سیٹھی نے خوش آمدید کہا اور مکمل تعاون کا اعلان کیا ۔

تعارف: newseditor