کراچی: حب ریلی کے چیف آرگنائزر شجاعت شیروانی نے کہا ہے کہ حب ریلی کا پانچواں ایڈیشن اتوار 28 جنوری کو حب میں شروع ہوگا۔
چیف آرگنائزر شجاعت شیروانی نے بتایا کہ ریلی میں نادر مگسی اور صاحبزادہ سلطان محمد علی سمیت ملک بھر سے50 سے زائد بہترین ریسرز شرکت کریں گے،مستقبل میں ریلی کو بہتر انداز میں منعقد کرنے کیلئے پاکستان میں فارمولہ ون ریسنگ ٹریک بنانے پر بھی غور کررہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے ابوظبی میں فارمولہ ون ریسنگ ٹریک کی انتظامیہ سے ملاقات ہوئی ہے اور بہت جلد پاکستان میں بھی ٹریک بنانے کے کام کا آغاز ہوگا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شجاعت شیروانی نے کہا کہ حب ریلی کے پانچویں ایڈیشن میں آٹھ کیٹیگریز رکھی گئی ہیں، تین اسٹاک، تین پری پیئرڈ اور خواتین کی دو کیٹیگریزرکھی گئی ہیں، 11 کلو میٹر طویل اور خطرناک ٹریک پر 50 ریسرز تیزرفتاری کے جو ہر دکھائیں گے۔
اس موقع پر آصف امام نے کہا کہ زگ زیگ اور ریتیلے ٹریک کو میکس ڈرٹ ایرینا کا نام دیا گیا ہے، پری پیئرڈ کیٹیگری کے ریسرز دو راﺅنڈز مکمل کریں گے اور راﺅنڈ کی بہترین ٹائمنگ والے ریسرز کو فاتح قراردیا جائے گا۔
اسٹاک کیٹیگری کے مقابلے ایک راﺅنڈ پر مشتمل ہوں گے جبکہ مقابلوں کو شفاف بنانے کیلئے جی پی آر ایس سسٹم متعارف کرایا جارہا ہے تاکہ ریسرز کے تحفظات دور کئے جاسکیں۔