پاکستانی گالفراحمد بیگ نے قطر اوپن امیچر چیمپئن شپ جیت لی

پاکستان کے نوجوان گالفر احمد بیگ نے دوحا میں ہونے والی قطر اوپن امیچر گالف چیمپئن شپ اپنے نام کر لی۔

دوحا گالف کلب میں 3 روز تک 54 ہولز پر ہونے والی چیمپئن شپ میں پاکستان کے نوجوان گالفر نے 3 انڈر پار کے اسکور سے کامیابی حاصل کی۔

18 سالہ احمد، جنہوں نے حال ہی میں کراچی میں فیلڈر چیلنج چیمپئن شپ میں بھی کامیابی حاصل کی تھی، پہلے راونڈ میں 4 ہولز پر بوگی کی وجہ سے اوور پار رہے لیکن دوسرے اور تیسرے راونڈ میں احمد نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔

دوسرے راونڈ میں 18 سالہ گالفر نے 5 بڑڈیز کھیل کر اپنا اسکور بہتر کیا جب کہ تیسرے راونڈ میں بھی ان کا کھیل شاندار رہا۔

ایک موقع پر ڈبل بوگی کی وجہ سے ان کی لیڈ متاثر ہونے کا خدشہ رہا لیکن اس کے بعد 3 برڈیز کھیل کر انہوں نے اپنی پوزیشن مستحکم کی اور ٹورنامنٹ میں فتح کو یقینی بنایا۔

امیچر چیمپئن شپ میں فتح کے ساتھ احمد بیگ نے آئندہ ماہ ہونے والے قطر ماسٹرز کے لئے بھی کوالیفائی کر لیا ہے۔

نوجوان گالفر روان برس مارچ میں فیلڈو ایشین چیلنج فائنلز میں بھی پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

تعارف: newseditor