ریجنل ون ڈے کپ،لاہور بلیوز نے پشاور کو شکست دیدی

راولپنڈی(سپورٹس لنک رپورٹ)ریجنل ون ڈے کپ میں لاہور بلیوز کے رنز کا پہاڑ چڑھتے پشاور کی سانسیں پھول گئیں ،گزشتہ روز کھیلے گئے دوسرے راؤنڈ کے میچ میں لاہور بلیوز نے 324 رنز بنائے جس میں سمیع اسلم تین چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سے 120 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ رضا علی ڈار40،کامران اکمل 34 ،بلاول اقبال 28 اور سعد نسیم 27 رنز بنا سکے۔ عزیز اللہ اور زوہیب خان نے دو،دو شکار کئے۔ جواب میں پشاور کی ٹیم نو وکٹوں پر 243 رنز بنا سکی۔ زوہیب خان ناقابل شکست 71 رنزبنا کر بھی اپنی ٹیم کو 81 رنز کی شکست سے نہ بچا سکے اور لاہور بلیوز نے پہلی کامیابی کا جشن منایا۔ ادھر کے آر ایل گراؤنڈ میں راولپنڈی نے سات وکٹوں پر 300 رنز بنائے۔ نوید ملک 83، افتخار احمد 46، اظہر علی 47 اور سہیل تنویر24رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ راحت علی نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں کراچی وائٹس نے ہدف 49ویں اوور میں محض تین وکٹوں پرحاصل کرلیا۔ اسد شفیق نے تین چھکوں اور 14 چوکوں کی مدد سے 140 اور اکبرالرحمن نے 114رنز آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے بنائے اور سات وکٹوں سے فتح یقینی بنائی۔ ڈائمنڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں فیصل آباد نے 248 رنزکے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو دس وکٹوں سے پچھاڑدیا۔ عبدالصمد نے 130رنز کی ناقابل شکست اننگز کو دو چھکوں اور دس چوکوں سے سجایا جبکہ زین عباس نے نو چوکوں سمیت 112 رنز بنائے۔اس سے قبل اسلام آباد کو 8 وکٹوں پر247 رنز تک پہنچانے کیلئے فیضان ریاض نے 68، عابد علی نے 54، شاہد یوسف نے 49 اور شان مسعود نے 35 رنز بنائے ۔ نیشنل گراؤنڈ اسلام آباد میں لاہور وائٹس اور فاٹا کا میچ ٹائی ہوگیا،فاٹا نے سہیل اختر کے 44، حماد اعظم کے 32 اور محمد عرفان کے 32رنز کی بدولت 236سکور کیا۔ محمد عرفان نے چار اور وقاص احمد نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں لاہور وائٹس نے بھی نو وکٹوں پر 236 رنز بنائے۔ خوشدل شاہ نے چار اور آصف آفریدی نے تین کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔

 

تعارف: newseditor