بھارت کیخلاف ون ڈے سیریز،جنوبی افریقہ کو ٹاپ پوزیشن کا چیلنج درپیش

دبئی (سپورٹس لنک رپورٹ) جنوبی افریقہ کو بھارت کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سیریز میں عالمی درجہ بندی میں ٹاپ پوزیشن کے دفاع کا چیلنج درپیش ہو گا۔ جنوبی افریقہ اور بھارت کے درمیان ون ڈے سیریز کا آغاز   جمعرات سے ہو رہا ہے، اس وقت پروٹیز ٹیم 121 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ بھارتی ٹیم 119 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق جنوبی افریقہ اور بھارت کے درمیان شیڈول ون ڈے سیریز میں میزبان پروٹیز کو ٹاپ پوزیشن کے دفاع کا چیلنج درپیش ہو گا جبکہ بھارت کی نظریں پروٹیز سے ٹاپ پوزیشن چھیننے پر مرکوز ہوں گی، پروٹیز کو ٹاپ پوزیشن کے دفاع کیلئے کم از کم سیریز ڈرا کھیلنا ہو گی جبکہ بھارت کو عالمی بادشاہت قائم کرنے کیلئے 4-2 سے سیریز میں کامیابی درکار ہو گی۔ جنوبی افریقہ کے ہاتھوں 5-1 یا وائٹ واش کی صورت میں بھارتی ٹیم کو تنزلی کا سامنا کرنا پڑے گا اور اس کی جگہ انگلش ٹیم دوسری پوزیشن سنبھالے گی جو کہ 116 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے، نیوزی لینڈ چوتھے، آسٹریلیا پانچویں، پاکستان چھٹے، بنگلہ دیش ساتویں اور سری لنکا آٹھویں نمبر پر ہے۔

تعارف: newseditor