انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے چٹاگانگ وکٹ پر بھی انگلی اٹھا دی


دبئی (سپورٹس لنک رپورٹ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ کے وینیو ظہور احمد چوہدری سٹیڈیم، چٹاگانگ کی وکٹ کو اوسط سے بھی کم درجے کی قرار دیا ہے۔ بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ ڈرا ہوا تھا اور میچ میں دونوں ٹیموں نے 1533 رنز بنائے تھے، یہ بنگلہ دیشی سرزمین پر کسی بھی ٹیسٹ کا دوسرا بڑا سکور ہے، اتفاق کی بات یہ ہے کہ انہی دو ٹیموں کے درمیان اسی وکٹ پر ٹیسٹ میچ کا بڑا سکور بھی بنا تھا، 2014ء میں چٹاگانگ ٹیسٹ میں بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان 1589 رنز بنے تھے۔ آئی سی سی میچ ریفری ڈیوڈ بون نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ چٹاگانگ کی پچ اوسط سے بھی نیچے تھی، نئی گیند اور فاسٹ باؤلرز کیلئے کوئی سیم موومنٹ نہیں تھی، سست پچ نہ ہونے کی وجہ سے سپنرز بھی کامیاب نہ ہو سکے، اس کے علاوہ پورے میچ میں باؤنس کی بھی کمی رہی۔ آئی سی سی نے چٹاگانگ کی پچ کو اوسط سے بھی کم درجے کی قرار دیتے ہوئے اسے ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دے دیا۔

تعارف: newseditor