اسلام آباد (سپورٹس لنک رپورٹ ) قومی ٹینس سٹار عقیل خان نے پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) سے کہا ہے کہ نوجوان کھلاڑی جو گراس کورٹس پر کھیل سکتے ہوں ان کیلئے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا آغاز کریں تاکہ مستقبل میں ہونے والے ڈیوس کپ مقابلوں کیلئے انہیں تیار کیا جا سکے۔ پاکستان نے حال ہی میں منعقدہ ڈیوس کپ ٹائی ایشیا اوشنیا زون گروپ ون پہلے مرحلے میں جنوبی کوریا کو 4-0 سے شکست دے کر اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کیا تھا، عقیل خان اور اعصام الحق قریشی نے غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ میں اور اعصام کیریئر کے اختتام کی طرف جا رہے ہیں، بلاشبہ فوری طور پر بیک اپ تیار کرنا مشکل ہے لیکن ناممکن نہیں، ملک میں ٹینس کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، اگر ان پر محنت کی جائے تو مجھے پوری امید ہے کہ وہ مستقبل میں ہماری جگہ لے لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اپنے نوجوان کھلاڑیوں پر پورا یقین ہے کہ وہ بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کر سکتے ہیں، پاکستان ٹینس فیڈریشن کو چاہیے کہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے ذریعے انہیں تیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ اپریل میں ازبکستان کے خلاف شیڈول ٹائی میں ٹیم کو فتح دلانے کیلئے صلاحیتوں سے بڑھ کر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔