پشاور (سپورٹس رپورٹر)خیبرپختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن کے زیراہتمام بین الصوبائی گیمز 18 مارچ سے پشاور میں منعقد ہونگی جس میں ملک بھر سے تین ہزار سے زائد ایتھلیٹس 28 میل اور 9 فیمیل گیمز میں شرکت کرینگے ، ان خیالات کا اظہار خیبرپختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سابق صوبائی وزیر کھیل سید عاقل شاہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ان کے ہمراہ صوبائی اولمپک سیکرٹری ذوالفقاربٹ سمی تمام ایسوسی ایشن کے صدور اور سیکرٹریز سمیت دیگراہم شخصیات موجود تھیں ، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی جانب سے شیڈول اور قواعد وضوابط کی منظوری کے بعد خیبر پختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن نے ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس خیبر پختونخوا کے تعاون سے چوتھی بین الصوبائی گیمز کی تاریخوں کا اعلان کر دیا کھلاڑیوں کی تعداد کو حتمی شکل دے دی گئی ہے گیمز 18 سے 20 مارچ تک پشاور میں کھیلی جائیں گی جن میں خیبر پختونخوا، سندھ، پنجاب، بلوچستان، اسلام آباد، فاٹا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے دستے حصہ لیں گے۔ خیبر پختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر سید عاقل شاہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کو انتظامی کمیٹی کا سرپرست اعلیٰ ، وزیر کھیل سرپرست، چیف سیکرٹری چیئرمین اور ڈی جی سپورٹس کو صدر مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چاروں صوبوں کے دستے تین تین سو کھلاڑیوں جن میں 30 فیصد خواتین لازمی ہوں گی، پر مشتمل ہوں گے،فاٹا کا دستہ 150 ، اسلام آباد کا 100 جبکہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے دستے50 ،50 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوں گے، گلگت بلتستان، فاٹا اور اسلام آبادوآزاد کشمیر کے گولڈ کے پوائنٹس جنرل ٹرافی کے لئے شمار نہیں ہوں گے، مجموعی طور 1600 مرد وخواتین کھلاڑی آرچری، اتھلیٹکس، بیڈمنٹن، بیس بال، باسکٹ بال، باکسنگ، باڈی بلڈنگ، گالف، جمناسٹک، ہینڈ بال، ہاکی، جوجتسو، کبڈی، کراٹے، روئنگ، رگبی، شوٹنگ، سوفٹ بال، سکواش، تیراکی، ٹیبل ٹینس، تائیکوانڈو، ٹینس، رسہ کشی، والی بال، ویٹ لیفٹنگ، ریسلنگ، ووشو میں حصہ لیں گے۔ فیفا کی جانب سے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی معطلی کے باعث فٹ بال گیمز میں شامل نہیں ہوگی جبکہ سائیکلنگ اور جوڈو کی شمولیت پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی منظوری سے مشروط ہوگی فی الحال جوڈو اور سائیکلنگ ایونٹس شامل نہیں کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے گیمز کے لئے تقریباً چار کروڑ روپے فراہم کئے ہیں صوبے کے کھلاڑیوں کو مکمل کٹس دی جائیں گی، ہر ایونٹ کی میڈلز دینے کی تقریب ایونٹ کے مکمل ہوتے ہی منعقد کرائی جائے گی وہی گیم کرائی جائے گی جس کے لئے چار انٹریز موصول ہوں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا تمام ایونٹس میں حصہ لے گا مرد وخواتین کھلاڑیوں کے لئے الگ الگ رہائش کا بندوبست کیا گیا ہے میڈیکل، میڈیا، رہائش اور سیکورٹی سمیت دیگر کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن کے اجلاس میں گیمز کے انتظامات اور صوبے کے دستے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے تربیتی کیمپ 20 فروری سے شروع ہوں گے، 15مارچ کو ٹیموں کا اعلان کر دیا جائے گا، گیمز میں میڈلز جیتنے والے صوبے کے کھلاڑیوں کو انڈر 23 گیمز کے طرز پر نقد انعامات اور ٹرافیاں دی جائیں گی، دستے 16 اور 17 مارچ کو پشاور پہنچیں گے 18 مارچ کو وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا گیمز کا افتتاح کریں گے اور اسی روز مقابلے شروع ہوجائیں گے 20 مارچ کو اختتامی تقریب ہوگی۔