ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس میں سائیکلنگ اکیڈمی قائم کر دی گئی

پشاور (سپورٹس رپورٹر) خیبر پختونخوا میں اپنی نوعیت کی پہلی سائیکلنگ اکیڈمی ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس میں قائم کر دی گئی ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبر پختونخوا جنید خان نے افتتاح کیا،افتتاحی تقریب میں سائیکلسٹس کے علاوہ اے آئی پی ایس ایشیاءکے سیکرٹری امجد عزیز ملک، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سپورٹس عزیز اللہ، اے ڈی فنانس طارق خان ، خیبر پختونخوا سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے صدر نثار احمد خان اور کھیلوں کی مختلف تنظیموں کے عہدیدار شریک ہوئے۔ اکیڈمی خیبر پختونخوا سائیکلنگ ایسوسی ایشن کی نگرانی میں چلائی جائے گی۔ ڈی جی سپورٹس جنید خان نے کہا کہ اکیڈمی بہت پہلے قائم کی جانی چاہئے تھی نجی شعبے کی تجویز پر اکیڈمی قائم کی گئی ہے جس سے صوبے کے سائیکلسٹس کے علاوہ پورے ملک کے کھلاڑیوں کو فائدہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اکیڈمی کو فنڈ فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی اور ایسوسی ایشن کے ساتھ ملکر نوجوانوں کو سائیکلنگ کی جانب راغب کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی وجہ سے ہر شعبے میں تیزی آئی ہے تاہم طرز زندگی بدلنے کی ضرورت ہے بی آر ٹی میں سائیکلنگ ٹریک بھی شامل ہوگا جس سے موثر استفادہ کے لئے کھیلوں کے شعبے سے وابستہ افراد اور کاروباری برادری کی تجربے اور خدمات سے فائدہ اٹھایا جائے گاجبکہ تمام متعلقین کو کھیلوں کی جانب لانے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ویلو ڈرم کا منصوبہ نئے مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں شامل کیا جائے گا جس پر 10 کروڑ روپے اخراجات آئیں گے۔

سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے صدر نثار احمد نے کہا کہ اکیڈمی میں کوچنگ کلاسز کا انعقاد کیا جائے گا جس میں ملک بھر سے کوچز حصہ لیں گے تعلیمی اداروں کے ڈائریکٹرز فزیکل ایجوکیشن اور ڈسٹرکٹ سپورٹس افسران کے لئے بھی تربیت کا بندوبست کیا جائے گا، اکیڈمی میں انڈر 15 سائیکلسٹس تیار کئے جائیں گے جنہیں چار سالہ تربیت اور کوچنگ دیکر قومی سطح تک لے جایا جائے گا۔

تعارف: newseditor