سٹیون سمتھ نے آسٹریلوی کرکٹ ایوارڈز کا میلہ لوٹ لیا

میلبورن(سپورٹس ڈیسک)آسٹریلیا کی ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیم کے کپتان سٹیون سمتھ نے ملکی ایوارڈ ز کا میلہ لوٹ لیا ،انہوں نے دوسری مرتبہ آسٹریلوی ٹیسٹ پلیئر آف دی ایئرایوارڈ جیتنے کیساتھ ساتھ ایلن بارڈ رمیڈل بھی جیت لیا ۔کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے 2017 میں شاندار کارکردگی دکھانے والے آسٹریلوی کرکٹرز میں ایوارڈز تقسیم کرنے کی تقریب گزشتہ روز میلبورن میں سجائی گئی جہاں تیسری بار آئی سی سی ٹیسٹ پلیئر آف دی ایئر کا ایوارڈ اپنے نام کرنے والے کینگرو قائد سٹیون سمتھ آسٹریلوی ٹیسٹ پلیئر آف دی ایئر کا ایوارڈ بھی لے اڑے ،بات صرف یہیں ختم نہیں ہوئی بلکہ وہ ایلن بارڈر میڈل کے بھی مستحق ٹھہرے۔ بائیں ہاتھ کے جارح مزاج اوپننگ بلے باز ڈیوڈ وارنر ون ڈے پلیئر آف دی ایئر اور ایرون فنچ ٹی ٹونٹی پلیئر آف دی ایئر قرار پائے۔

بیتھ مونی ویمنز ڈومیسٹک پلیئر آف دی ایئر، جارج بیلی ڈومیسٹک پلیئر آف دی ایئر کا ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ بیٹی ولسن ینگ کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ جارجیا ریڈمین جبکہ بریڈ مین ینگ کرکٹر کا ایوارڈ جے رچرڈسن نے حاصل کیا ،بلنڈا کلارک ایوارڈ آل راؤنڈر الیزے پیری کے حصے میں آیا ۔تقریب کے دوران کیرون رالٹن، نارم اونیل اور رکی پونٹنگ کو باقاعدہ طور پر آسٹریلین کرکٹ ہال آف فیم میں شامل کیا گیا ۔

ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد سٹیون سمتھ کا کہنا تھا کہ ایوارڈ ز حاصل کرنے کا مطلب ہے کہ میں مسلسل پرفارم کررہا ہوں اور کسی کھلاڑی کیلئے یہی سب سے بڑی بات ہوتی ہے کہ وہ مسلسل فارم میں رہے اور ٹیم کے کام آتا رہے ۔

تعارف: newseditor