دبئی (سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان سپر لیگ کی دفاعی چیمین پشاور زلمی کی دعوت پر پی ایس ایل میچز دیکھنے کے لیے شوکت خانم کینسر ہسپتال کے مریض بچے دبئی پہنچ گئے۔ تیرہ مریض بچے پشاور زلمی کے مہمان ہوں گے پاکستان سپر لیگ کے میچز دیکھنے کے لیے شوکت خانم کینسر ہسپتال کے بچے دبئی پہنچ گئے۔
پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے ان مریض بچوں کو پی ایس ایل میچز دیکھنے لیے دبئی آنے کی دعوت دی تھی۔ پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی کا کہنا ہے کہ پشاور زلمی فاؤنڈیشن کے مشن #BringBackSmiles کو آگے بڑھاتے ہوئے اس سال بھی شوکت خانم ہسپتال کے کینسر میں مبتلا ان بچوں کو کرکٹ دیکھنے کے لیے بلایا گیا ہے۔
ان بچوں کی دبئی آمد ہمارے لیے اعزاز اور حوصلے میں اضافے کا باعث ہے۔ دبئی آمد پر بچے خوش دکھائی دئیے، بچے پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب اور میچ میں شریک ہوں گے۔ اس کے علاوہ ان مریض بچوں کی پشاور زلمی کے سٹار کرکٹرز سے ملاقات بھی کرائی جائے گی۔
بچے دبئی کے مقامات کی سیر سے بھی لطف اندوز ہوں گے۔ پی ایس ایل ون میں پشاور زلمی نے آرمی پبلک سکول پشاور کے طلبا اور دوسرے ایڈیشن میں شوکت خانم ہسپتال کے بچوں کو پی ایس ایل دیکھنے لیے مدعو کیا تھا۔