پی ایس ایل تھری،ملتان سلطانز کا لاہور قلندرز کو جیت کیلئے 180رنز کا ہدف

دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان سپر لیگ سیزن تھری کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو جیت کے لیے 180 رنز کا ہدف دیا ہے۔

دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے پی ایس ایل تھری کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز کی لاہور قلندرز کے خلاف بیٹنگ جاری ہے۔

ملتان سلطانز کو پہلا نقصان گیارہویں اوور میں ہوا جب احمد شہزاد 38 رنز بنا کر مستفیظ الرحمان کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے عمر اکمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

سلطانز کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی صہیب مقصود تھے جو یاسر شاہ کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔

کمارا سنگا کارا نے ایک بار پھر شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور 44 گیندوں پر 63 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر مستفیظ الرحمان کا شکار بنے۔

 قبل ازیں لاہور قلندرز کے کپتان برینڈن مکلم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

ملتان سلطان کا یہ ایونٹ میں دوسرا میچ ہوگا اور گزشتہ روز اپنے ڈیبیو میچ میں شعیب ملک الیون نے دفاعی چیمپئن پشاور زلمی کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کیا تھا۔

خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا تیسرا ایڈیشن 22 فروری سے شروع ہوچکا ہے جس کے ابتدائی میچز یو اے ای میں جب کہ ایلیمینیٹر میچز 20 اور 21 مارچ کو لاہور میں ہوں گے اور فائنل 25 مارچ کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔

تعارف: newseditor