دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) تھری کے چھٹے اور آج کے پہلے میچ میں ملتان سلطانزنے اسلام آباد کو114 رنز کا ہدف دیدیا ۔
گزشتہ دو میچز میں اپنی شاندار کارکردگی سے شائقین کرکٹ کے دلوں میں جگہ بنانے والی ملتان سلطانز کے ابتدائی 4 کھلاڑی صرف 31رنز پر پویلین لوٹ گئے تو میچ میں اسلام آباد کی کامیابی کے امکانات روشن ہوگئے تھے۔
مشکلات میں گھری ٹیم کے لئے کپتان شعیب ملک اور کیرون پولارڈ نے 54 قیمتی رنز کی شراکت قائم کی ، دونوں کھلاڑیوں نے اس دوران کئی خوبصورت شارٹس لگائے۔
85 کے اسکور پر 1چھکے اور 3چوکوں کی مدد سے 28رنز بنانے والے پولارڈ کو رسل نے ایل بی ڈبلیو آئوٹ کیا تو 95 کے اسکور پر 2 چھکوں کی مدد سے 35رنز بنانے والے شعیب ملک بھی کریز چھوڑ گئے ،ان کی وکٹ بھی رسل کے حصے میں آئی۔
شعیب ملک اور کیرون پولارڈ کی 54 رنز کی پارٹنر شپ نے ملتان کے اسکور میں خاطر خواہ اضافہ کیا، دونوں کھلاڑیوں نے کئی خوبصورت اسٹروک کھیلے۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم پر کھیلے جارہے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈکے کپتان رومان رئیس نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
ملتان سلطانز کی چوتھے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی اوپنر احمد شہزاد تھے، انہیں 11 کے انفرادی اسکور پر اسٹیون فن نے میدان سے باہر کا راستہ دکھایا۔
گزشتہ میچ کے مقابلے میں رومان رئیس کا آج کا فیصلہ اب تک درست ثابت ہورہا ہے، اب تک ملتان سلطانز کے 4 بیٹسمین میدان چھوڑ چکے ہیں۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلی وکٹ 8 کے اسکور پر ملی جب گزشتہ دو میچوں میں نصف سنچریاں بنانے والے کمارا سنگاکارا کو رومان رئیس نے پویلین کی راہ دکھائی۔
میچ کے پہلے ہی اوور میں سنگاکارا کو ایک چانس ملا تھا، لیکن وہ اس سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے اور میچ کے تیسرے اوور میں اپنا کیچ آصف علی کو تھما بیٹھے۔
ملتان سلطانز کے دوسرے آئوٹ ہونے والے بیٹسمین ڈیرن براوو تھے، اسٹیون فن نے زبردست کیچ پکڑا، یوں محمد سمیع میچ میں پہلی وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کو تیسری وکٹ 19 کے اسکور پر ملی، صہیب مقصود کو رومان رئیس کی مدد سے محمد سمیع نے اپنا دوسرا شکار بنایا۔
ماضی کے مشہور فاسٹ بولر وسیم اکرم اور وقار یونس ،جن کی بولنگ جوڑی کی آج بھی دنیا ئے کرکٹ میں مثال دی جاتی ہے،پی ایس ایل میں ان کی نگرانی میں کھیلنے والی ٹیمیں آج مدمقابل ہیں۔