مسلسل ناکامیاں،لاہور قلندرز کے کوچ عاقب جاوید مایوس

دبئی (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں اب تک کوئی میچ نہ جیتنے والی ٹیم لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ نے مسلسل شکست پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گراؤنڈ کے اندر دماغ کا استعمال بہت ضروری ہے۔نجی ٹی وی چینل سےخصوصی گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید نے کہا کہ گراؤنڈ کے باہر چاہے جو بھی پلان بنے اصل امتحان گراؤنڈ کے اندر میچ کی صورتحال کے مطابق فیصلے کرنا ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ میچ جیتنے کے لیے ’’کامن سینس‘‘ بہت ضروری ہے، وکٹ پر حاضر دماغی کا مظاہرہ کرنا ہوتا ہے۔لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے مزید کہا کہ اگر سنگل ڈبلز کی ضرورت ہو تو چھکے مارنے کی کوشش عقلمندی نہیں ہوتی، میچ کو سمجھ کر کھیلنے کی ضرورت ہے، کراچی کے خلاف اچھے آغاز کے باوجود میچ ہارنا افسوس ناک ہے، ایسا میچ تو آپ بہت ہی خراب کرکٹ کھیل کر ہی ہار سکتے ہیں۔عاقب جاوید نے کہا کہ کراچی کے خلاف میچ نہایت آسان تھا لیکن بیٹسمینوں نے وہ شارٹس منتخب کیے جن کی ضرورت نہیں تھی۔انہوں نے کہا کہ عمر اکمل جیسے تجربہ کار کھلاڑی کو بنیادی باتیں بتانے کی ضرورت نہیں پڑنی چاہیے، جب ایک اوور میں چھ رنز کا اوسط ہو تو خطرات مول نہیں لیے جاتے، سمجھدار کرکٹ کھیلنی ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹیم میں گروپ بندی جیسا بھی کوئی مسئلہ نہیں بحیثیت کوچ کھلاڑیو کو مکمل آزادی دیتا ہوں، بس ان سے یہی کہتا ہوں کہ میدان سجا ہوا ہے، جائیں اور اپنے دماغ اور صلاحیتوں کو استعمال کرتے ہوئے اچھا کھیل پیش کریں۔عاقب جاوید نے کہا کہ اچھی کرکٹ کھیلیں گے تو ہی جیت ملے گی، ہم انتظار نہیں کرسکتے کہ باقی ٹیمیں برا کھیلیں تو ہم جیت حاصل کریں، وہ ٹیم کامیابی حاصل کرتی ہے جو میچ کو خود کنٹرول کرتی ہے اور لے کر چلتی ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور کے تینوں میچز دیکھے جائیں تو ٹیم یہ میچز جیت سکتی تھی، مداحوں کو بھی ٹیم کے ہارنے کا نہیں بلکہ جس طرح سے میچز ہار رہے ہیں اس کا افسوس ہے۔عاقب جاوید نے کہا کہ ہر میچ نئے چیلنجز لے کر آتا ہے، کھلاڑیوں کو پرسکون رہنے کی ضرورت ہے چاہے جتنی بھی تنیقد ہو، کیوں کہ اگر ٹیم پرفارم نہیں کرے گی تو تنقید کرنا فینز کا حق ہے۔

تعارف: newseditor