لاہور: (سپورٹس لنک رپورٹ) فیصل صالح حیات گروپ نے تین سال بعد پاکستان فٹ بال فیڈریشن کا کنٹرول سنبھال لیا۔ فیفا کی جانب سےعائد پابندی بھی ایک ماہ میں اٹھا لی جائے گی۔
لاہورہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد فیصل صالح حیات گروپ نے فیفا ہاؤس میں کام شروع کردیا ہے۔ نائب صدر سردار نوید حیدر کا کہنا تھا کہ تین سالوں کا نقصان مہینوں میں پورا کرینگے۔ سیکرٹری پی ایف ایف احمد یار لودھی کا کہنا تھا کہ ابھی دفتر کے معاملات سنبھالے ہیں، جیسے ہی اکاؤنٹس فیڈریشن کو مل گئے فیفا کی جانب سے عائد پابندی بھی ختم ہو جائےگی۔
یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے فٹبال فیڈریشن کے 2015 میں ہونے والے انتخابات کو درست قرار دیتے ہوئے، سید فیصل صالح حیات کو بطور صدرعہدے پر بحال کیا تھا۔ عبوری ذمہ داریاں سنبھالنے والے ایڈمنسٹریٹر کو چارج فوری طور پرفیصل صالح حیات کے سپرد کرنے کا حکم بھی دیا تھا۔ خیال رہے کہ 3 سال پہلے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے معاملات جب خراب ہوئے تو قومی ٹیم کی رینکنگ 167نمبر پر تھی۔