شارجہ(سپورٹس لنک رپورٹ) پشاور زلمی کی جان سمجھے جانے والے ڈیرن سیمی پشتو زبان کے بھی فین نکلے۔ پی ایس ایل تھری کے تیسرے ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف شاندار فتح پر پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے پشتو میں سوشل میڈیا پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا آج میں دل سے کھیلا اس لیے کہ میرا دل پشاور زلمی کیساتھ ہے۔ ٹویٹ میں مزید کہنا تھا کہ زندگی اور موت بھی ایک ہے اور مرتے دم تک پشاور زلمی کیساتھ میدان میں کھڑا رہوں گا۔اس سے قبل بھی پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی پشتو زبان میں ٹویٹ کرتے رہتے ہیں اور شائقین کرکٹ کی جانب سے ان کے ٹویٹس کو بھی کافی پسند کیا جاتا ہے۔ پاکستان میں ڈیرن سیمی نے پشتو زبان سیکھی اور بقول ان کے اب وہ اچھی خاصی پشتو سیکھ چکے ہیں، جس کا اظہار وہ ٹوئٹر پر بھی اکثر اوقات کرتے رہتے ہیں۔یاد رہے کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2016 میں ہندوستان کو شکست دے کر فائنل میں پہنچنے پر جب ویسٹ انڈیز ٹیم کے کپتان ڈیرن سیمی کو پشاور زلمی کے سربراہ جاوید آفریدی نے پشتو میں مبارک باد دی تو سیمی کی جانب سے بھی اس کا جواب پشتو میں آیا تھا۔جاوید آفریدی نے ٹوئٹر پر سیمی کو اپنے پیغام میں کہا کہ پورے پاکستان کی جانب سے آپ کو بہت بہت مبارک ہو۔