لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ): پنجاب میں کھیلوں کے دور کی وآپسی کے لیے سیکیورٹی کی صورتحال کو بہتر سے بہتر بنا رہے ہیں۔ ورلڈ الیون کرکٹ ٹیم کی آمد، فیفا ٹرافی کی رونمائی اور گزشتہ برس سپر لیگ کا فائنل اس بات کا ثبوت ہے کہ موجودہ حکومت کھیلوں کے فروغ کے لیے سرگرم ہے۔ سکیورٹی خدشات کی بناء پر ویران ہو جانے والے پلے گرائونڈز کی آبادی کاری کا سلسلہ بھی جاری ہو چکاہے ۔
ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر کھیل و اُمور نوجوانان جہانگیر خانزادہ نے آج دی سٹی سکول کے انٹر ریجنل سپورٹس مقابلوں کے فائنل رائونڈ کے اختتام پر پوزیشن حاصل کر نے والے طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کرتے ہوئے کیا ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ کے لیے نجی تعلیمی اداروں کی خدمات بھی قابل ستائش ہیں۔ حکومت پنجاب نجی اداروں کے ساتھ تعاون کو فروغ دے رہی ہے ۔ مختلف کھیلوں کے ساتھ ایمبیسیڈرز اور فنانسرز کے ساتھ روابط بڑھائے جا رہے ہیں۔ دی سٹی سکول کے انٹرریجنل مقابلوں میں مختلف صوبوں سے 05 گیمز کے 1000 کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ صوبائی وزیر نے جیتے والی ٹیمز میں برائونز، گولڈ اور سلور میڈل تقسیم کیے ۔ مجموعی طور پر سینٹرل ریجن نے پہلی پوزیشن حاصل کر کے چیمپئین ٹرافی حاصل کی۔ تقریب میںبچوں اور بچیوں نے رنگا رنگ ایروبکس کا بھی مطاہرہ کیا۔
آخر میں صوبائی وزیر نے تمام ٹیموں کے ساتھ گروپ فوٹو بنوائے اور جیتنے والی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے تمام کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی ۔ انہوں نے سٹی سکول کی انتظامیہ کو مستقبل میں سپورٹس بورڈ کی جانب سے ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کروائے۔ ریجنل ڈائریکٹر نے صوبائی وزیر کو برانچ کا دورہ کروایا اور ان کی تقریب میں آمد اور بچوں کی بھر پور حوصلہ افزائی پر شکریہ ادا کیا۔