پی ایس ایل تھری،کون بیٹنگ کون بائولنگ میں آگے

دبئی (سپورٹس لنک رپورٹ) پی ایس ایل تھری میں کراچی کنگز پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست، کمار سنگا کارا بیٹنگ عمران طاہر باؤلنگ میں سب سے آگے ہیں۔ پی ایس ایل تھری کا ہنگامہ اور یواے ای کے صحراؤں میں چوکوں چھکوں کی برسات جاری ہے۔ کراچی کنگز لیگ میں اب تک ناقابل شکست ہے۔ عماد وسیم الیون کے چار میچوں میں سات پوائنٹس ہیں۔

ملتان سلطانز کا پانچ میچ کھیل کر دوسرا نمبر ہے۔ انہوں نے تین میچز جیتے اور ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ شارجہ میں ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کا میچ بارش کی نذر ہوا۔ دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملا۔ پشاور زلمی نے پانچ میں سے تین میچ جیتے، دو میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔

چھ پوائنٹس کے ساتھ ڈیرن سیمی الیون کا تیسرا نمبر ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز چار چار پوائنٹس لے کر بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر براجمان ہیں۔ لاہور قلندرز سپر لیگ تھری کی واحد ٹیم ہے جو اپنے ابتدائی پانچوں میچز میں ناکام رہی۔ سپر لیگ کے پہلے سپر اوورمیں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو ہرایا۔ باؤلنگ میں عمران طاہر کا پہلا نمبر ہے۔ ملتان سلطانز کے لیگ سپنر اب تک پانچ میچوں میں ایک ہیٹ ٹرک سمیت دس وکٹیں اڑا چکے ہیں۔

محمد سمیع، وہاب ریاض اور جنید خان کا سات سات شکار کے ساتھ دوسرا نمبر ہے۔ ملتان سلطانز کے کمار سنگاکارا بیٹنگ میں سب سے آگے ہیں۔ چار اننگز میں ایک سو ستتر رنز اور تین نصف سنچریاں بنائیں۔ پشاور زلمی کے ڈیوائن سمتھ ایک سو اڑتالیس رنز کے ساتھ دوسرے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے شین واٹسن ایک سو چھیالیس سکور بنا کر تیسرے نمبر پر ہیں۔ پشاور زلمی لاہور قلندرز کو 10 وکٹوں سے شکست دینے والی سپر لیگ کی پہلی ٹیم بنی۔

 

error: Content is protected !!