دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ)اسلام آباد یونائیٹڈ کی پاکستان سپر لیگ 2018 کا ٹائٹل جیتنے کی امید کو اس وقت بڑا جھٹکا لگا جب اس کے اسٹار آل راؤنڈر آندرے رسل ہیمسٹرنگ انجری کے باعث ایونٹ سے باہر ہوگئے۔پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے اپنا آخری میچ اتوار کو کھیلا تھا جس میں اس نے کراچی کنگز کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی، جبکہ اس میچ میں آندرے رسل بھی ٹیم کا حصہ تھے۔تاہم یہ میچ آندرے رسل کے لیے رواں سال ایونٹ کا آخری میچ ثابت ہوا اور وہ اپنے پہلے ہی اوور میں ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوگئے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے فزیو ایرول ایلکوٹ نے انکشاف کیا کہ ویسٹ انڈین کرکٹر کو دائیں ہیمسٹرنگ میں گریڈ ٹو کی انجری ہوئی، جس کا مطلب 29 سالہ آندرے رسل چار سے آٹھ ہفتے کے لیے کھیل کے میدان میں قدم نہیں رکھ سکیں گے اور اس عرصے میں پی ایس ایل کا اختتام ہوجائے گا۔انجری کے علاج کے لیے آندرے رسل کا دوبارہ وطن لوٹنے کا امکان ہے۔رواں سال ایونٹ میں ان کا سب سے یادگار لمحہ وہ تھا جب انہوں نے لاہور قلندرز کے خلاف سپر اوور کی آخری گیند پر چھکا لگا کر ٹیم کو فتح دلائی تھی۔