پورٹ الزبتھ(سپورٹس لنک رپورٹ)کاگیسوربادا کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت آسٹریلوی ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 243 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ نے ٹیم کو 98 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا تاہم دونوں اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد کینگروز کا کوئی بھی کھلاڑی سیاہ فارم جنوبی افریقن باؤلرز کی برق رفتار گیندوں کا مقابلہ نہ کر سکا، وارنر 63 رنز بنا کر نمایاں رہے، ربادا نے 5، نگیڈی نے 3 اور فلینڈر نے 2 وکٹیں لیں، جواب میں جنوبی افریقہ نے پہلے روز کھیل ختم ہونے تک ایک وکٹ پر 39 رنز بنا لئے تھے اور اسے کینگروز کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 204 رنز درکار ہیں، ربادا 17 اور ڈین ایلگر 11 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ جمعہ کو شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلوی قائد سٹیون سمتھ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو آسٹریلوی ٹیم 243 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو 98 رنز کا پراعتماد آغاز فراہم کیا، یہاں پر فلینڈر نے بینکرافٹ کو آؤٹ کر کے پارٹنرشپ توڑ دی، بینکرافٹ نے 38 رنز بنائے، عثمان خواجہ 4 رنز بنا کر فلینڈر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، 117 کے سکور پر وارنر جو کہ اچھی بیٹنگ کر رہے تھے 63 رنز بنانے کے بعد نگیڈی کی گیند پر بولڈ ہوئے، 161 کے سکور پر کینگروز کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب کپتان سمتھ 25 رنز بنا کر ربادا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، اگلے اوور میں ربادا نے شان مارش، مچل مارش اور پیٹ کمنز کو آؤٹ کر کے حریف ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ تہس نہس کر دی، شان مارش 24، مچل مارش 4 اور کمنز بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، مچل اسٹارک 8 رنز بنا کر چلتے بنے، 212 کے مجموعی سکور پر نیتھن لیون 17 رنز بنانے کے بعد نگیڈی کی گیند پر بولڈ ہوئے، ٹم پین کینگروز کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ربادا نے 5، نگیڈی نے 3 اور فلینڈر نے 2 وکٹیں لیں۔ جواب میں جنوبی افریقہ نے پہلے روز کھیل ختم ہونے تک پہلی اننگز میں ایک وکٹ پر 39 رنز بنا لئے تھے اور اسے آسٹریلیا کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 204 رنز درکار ہیں، ایڈن مرکرم 11 رنز بنا کر کمنز کی گیند کا نشانہ بنے، ربادا 17 اور ایلگر 11 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔