پاکستان کی کک باکسنگ ٹیم کا عالمی مقابلے میں بڑا کارنامہ

کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان کک باکسنگ ٹیم نے قاہرہ مصر میں ہونے والی ورلڈ مارشل آرٹ چیمپئن شپ میں 2گولڈ،1 سلور اور 1 برانز میڈل حاصل کرکے دوسری پوزیشن پر قبضہ جمالیا۔چیمپئن شپ میں پاکستان، مصر، تیونس، تنزانیہ، الجزائر، آذربائیجان، روس، بنگلا دیش اورمراکش کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ ورلڈ مارشل آرٹ چیمپئن میں پاکستان کک باکسنگ ٹیم کے نمایاں کھلاڑیوں میں محمدگل نے 75کلو گرام میں گولڈ میڈل، محمد عارف نے 70کلو گرام میں گولڈ میڈل، محمد عباس نے 52کلو گرام میں برانز میڈل، طاہر رحیم نے 56کلو گرام میں سلور میڈل حاصل کرکے دنیائے کک باکسنگ میں پاکستان کا پرچم بلند کیا۔اس چیمپئن شپ میں پاکستان نے ایک اور اعزاز حاصل کیا اور سیکرٹری پاکستان کک باکسنگ فیڈریشن محمد اشفاق نے ممبر چیف جیوری اور بطور ریفری خدمات انجام دیں اور بیسٹ ریفری اینڈ ججنگ کا ایوارڈ حاصل کیا۔قومی کک باکسنگ کی ٹیم وطن واپس پہنچ گئی، کراچی ایئرپورٹ پر کھلاڑیوں کا سپورٹس حلقوں کی جانب سے پر تپاک استقبال کیا گیا، فاتح کھلاڑیوں نے ڈائریکٹرجنرل پاکستان سپورٹس بورڈ اخترنوازگنجیرا کا شکریہ ادا کیا جنھوں نے پاکستان کک باکسنگ ٹیم کو چیمپئن شپ میں حصہ لینے کیلئے مکمل سپورٹ فراہم کی،فیڈریشن کے صدر سمیع اللہ کاکڑ اور سیکرٹری محمد اشفاق نے وفاقی وزیر کھیل سے درخواست کی کہ کک باکسنگ کو سپورٹس بورڈ سے رجسٹرڈ کرکے ملک میں اس کھیل کا مستقبل روشن کریں۔

error: Content is protected !!