کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان سپر لیگ میں شریک غیرملکی کھلاڑی، فرنچائز عملے کے ارکان اور دیگر حکام اپنے اپنے ملک روانہ ہوگئے۔فائنل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت کرنے والے جنوبی افریقی بلے باز جے پی ڈومنی اپنے ملک روانہ ہوگئے جن کا کہنا ہے کہ پاکستانی مداحوں کی جانب سے سپورٹ کیے جانے پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، بہت سے غیرملکی کرکٹرز پاکستان میں دوبارہ آکر کھیلنا چاہتے ہیں۔ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے آندرے فلیچر نے جاتے ہوئے کہا کہ پاکستان بہت خوبصورت ہے، آئی لو پاکستان، یہاں کھیل کر بہت مزہ آیا اور پاکستانی شائقین سے دوبارہ ملاقات ہوگی۔پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کا کہنا تھا پورے پاکستان خصوصاً لاہور اور کراچی کے شہریوں کا شکریہ، خواہش ہے آئندہ بھی پاکستان میں کرکٹ کھیلیں۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے وکٹ کیپر اور نیوزی لینڈ کے لیوک رونکی بھی اپنے ملک روانہ ہوگئے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں بنگلادیش سے تعلق رکھنے والے شبیر الرحمان اور چین کے جیان لی بھی روانہ ہونے والوں میں شامل ہیں۔آئی سی سی کے سکیورٹی کنسلٹنٹ ریک ڈیکیشن اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے کوچ ڈین جونز بھی اپنے ملک واپس روانہ ہوگئے۔