پنجاب اوپن انٹر ڈویژن باکسنگ چیمپئن شپ،لاہور فیصل آباد کے مکے باز چھا گئے


لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)۔سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کی ہدایت پر سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام نشترپارک سپورٹس کمپلیکس کے جمنیزیم ہال میں جاری پہلی پنجاب اوپن انٹر ڈویژن باکسنگ چیمپئن شپ کے دوسرے روز بھی مقابلے جاری رہے، لاہور اور فیصل آباد ڈویژن کے باکسرز چھائے رہے، دونوں ڈویژنز کے 4،4باکسرزاپنی اپنی کیٹیگری میں اپنے حریفوں کو شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گئے ہیں جبکہ ڈیرہ غازی خان ، ساہیوال اور سرگودھا ڈویژنز کے 3،3باکسرز نے بھی سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے، گوجرانوالہ، راولپنڈی اور ملتان ڈویژنز سے ایک ، ایک باکسر سیمی فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوا ، بہاولپور کا کوئی بھی باکسر سیمی فائنل میں جگہ نہ بنا سکا،

خواتین کے مقابلوں میں لاہور، فیصل آباد اور گوجرانوالہ کی ایک ، ایک باکسر سیمی فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوسکی،دوسرے روز ہونے والے مقابلوں کی تفصیل اس طرح سے ہے،خواتین کی 45کلوگرام کیٹیگری میں فیصل آباد کی لائبہ شفیق نے سرگودھا کی ماریہ ناصر، 48کلوگرام میں گوجرانوالہ کی سویرانے سرگودھا کی فاطمہ اور لاہور کی یسرا ایوب نے ملتان کی منیبہ کو شکست دیگرسیمی فائنل میں جگہ بنا لی،

لاہور ڈویژن کے ابرار احمد(52کلوگرام)،رانا واصف (56کلوگرام)،مدثر خان(60 کلوگرام)،یوسف علی بٹ (64 کلوگرام) نے معین خان، ظہور عباس، حماد احمد، اور آفاق احمدکو کوارٹر فائنل میں ہرادیا، فیصل آباد ڈویژن کے محمد ارسلان(52 کلوگرام)، شاہ آویز عزیز(56کلوگرام)،محمد سلیمان(60 کلوگرام)،فیصل شفیق (64 کلوگرام) نے اپنے حریفوں حسنین، بابر علی، فراز اور جنید کو مات دی

ڈیرہ غازی خان ڈویژن سے شاہ احمد(49 کلوگرام)، راج علی(56 کلوگرام) اور عمر فاروق(60 کلوگرام) نے عدنان شاہ، طلحہ اور فرقان ضیغم کو شکست دی،سرگودھا ڈویژن سے مبشر(56کلوگرام)،انیق الرحمن(60 کلوگرام)، آدم(69 کلوگرام) نے ثاقب جاوید، احسن حمید اور شاہزیب کو چت کردیا،ساہیوال ڈویژن سے جمشید اشرف(52 کلوگرام)، ابیس بخاری(64 کلوگرام)شاہ میر خان (69کلوگرام) نے ثمر خان، شرجیل شوکت اور بلال حسن کو شکست دی

ملتان ڈویژن سے صبغت اللہ (64کلوگرام) نے احمدعلی،راولپنڈی ڈویژن کے عبدالرحمن(69کلوگرام) نے دانیال جبکہ گوجرانوالہ ڈویژن کے سعود شفاقت (52کلوگرام) نے حمزہ ندیم کو ہراکر سیمی فائنل میں پہنچ گئے۔

error: Content is protected !!