بلاوایو(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹار کرکٹر شعیب ملک کا کہنا ہے کہ پاکستان کے13 کپتانوں کی قیادت میں کھیل چکا ہوں اور مجھے کسی کپتان سے کوئی گلہ نہیں ہے۔ میری کامیابی کا راز یہی ہے کہ میں ہر ایک کے ساتھ ایڈجسٹ کر لیتا ہوں اور ٹیم کے لئے کچھ کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔ سرفراز احمد میرے تیرہویں کپتان ہیں ان کو کپتان مقرر کرکے پاکستان کرکٹ بورڈ نے اچھا فیصلہ کیا ہوا ہے۔ سرفراز احمد سب کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں ، اچھے ماحول کی وجہ سے سب ایک دوسرے کو سپورٹ کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔ شعیب ملک نے کہا کہ میں اپنی کارکردگی سے خوش نہیں ہوں لیکن چوں کہ ٹیم جیت رہی ہے اس لئے میرا چھوٹا سا حصہ بھی ٹیم کے کام آرہا ہے میں ان لوگوں میں سے ہوں جو اپنے احتساب خود کرتے ہیں۔ 2019 کے ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے کرکٹ کو خیر باد کہنےکا فیصلہ حتمی ہے۔ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر منٹ کا اعلان کیا تھا تو میرے دوست کہہ رہے تھے میں نے جلدی میں فیصلہ کیا ہے۔ اب ون ڈے سے ریٹائر منٹ کے لئے درست وقت منتخب کیا ہے۔