اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ) فخر زمان ڈبل سنچری اسکور کرنے والے دنیا کے چھٹے بیٹسمین ہیں۔ اس فارمیٹ میں اب تک آٹھ ڈبل سنچریز بنی ہیں، بھارت کے روہت شرما تین بار 200 سے زائد رنز کی اننگز کھیلنے کا منفرد اعزاز رکھتے ہیں۔ وریندرسہواگ، سچن ٹنڈولکر، ویسٹ انڈیز کے کرس گیل، نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل بھی ون ڈے میں ڈبل سنچری بناچکے ہیں۔ ون ڈے میں سب سے پہلے200 رنز کا ہندسہ عبور کرنے کا اعزاز سابق بھارتی کپتان سچن ٹنڈولکر کو ملا تھا۔ انہوں نے 2010 میں جنوبی افریقا کے خلاف گوالیار میں 200 ناٹ آئوٹ کی اننگز کھیلی تھی۔ 2011میں اندور میں بھارت کے ہی وریندر سہواگ نے ویسٹ انڈیز کا بھرکس نکالتے ہوئے219 کی اننگز تراشی۔ تیسرا نمبر ان کے ہم وطن روہت شرما کا ہے جو 2013 میں بنگلور میں آسٹریلیا کے خلاف 209رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ شرما نے یہیں پر بس نہیں کیا بلکہ نومبر 2014میں کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں سری لنکن بولنگ کا جلوس نکالتے ہوئے 264رنز کی عالمی ریکارڈ اننگز داغ دی۔ فروری 2015 ویسٹ انڈین اسٹار کرس گیل نے کینبرا، آسٹریلیا میں زمبابوین بولنگ کو تختہ مشق بناتے ہوئے ناٹ آئوٹ 215 رنز بنا دیے۔ مارچ 2015میں نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل کو ویسٹ انڈین بولنگ راس آئی اور ویلنگٹن میں 237کی ناقابل شکست باری کھیل کر ریکارڈ بکس میں داخل ہوئے۔ دسمبر 2017میں روہت شرما نے ایک اور یادگار اننگز کھیلی گرائونڈ تھا موہالی اور سامنے سری لنکن ٹیم تھی۔ اس بار انہوں نے 208 رنز ناٹ آئوٹ اسکور کیے۔ جبکہ فخر زمان نے بولاوایو کا گرائونڈ 210 رنز ناٹ آئوٹ بناکر اپنے نام کیا۔