لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے لیے واحد گولڈ میڈل حاصل کرنے والے محمد انعام بٹ اگلے ماہ جکارتہ میں منعقد ہونے والی گیمزمیں پاکستان کی نمائندگی نہیں کرینگے۔ پاکستان ریسلنگ فیڈریشن نے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کو اس بارے آگاہ کر دیا ہے۔ پی او اے ذرائع نے بھی اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ انعام بٹ ایشین گیمز سے دستبردار ہو گئے ہیں۔ پی او اے ذرائع کا کہنا ہے ایشین گیمز میں میڈل کا حصول اتنا آسان نہیں تھا جس کی بنا پر انعام بٹ ایشین گیمز سے دستبردار ہو گئے ہیں۔ پاکستان ریسلنگ فیڈریشن نے پی او اے کو بتایا ہے کہ انعام بٹ ان فٹ ہو گئے ہیں ایشین گیمز میں شامل نہیں ہو سکیں گے۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا انعام بٹ سے بہت توقع تھی تاہم اب ہمیں ویٹ لفٹنگ اور مارشل آرٹس کھیلوں ووشو۔ جوجسٹو۔ کراٹے وغیرہ کھیلوں سے میڈلز کی امید ہے،ادھر دولت مشترکہ گیمز میں واحد طلائی تمغہ جیتنے والے انعام بٹ نے اپنے فیس بک اکائونٹ پر ایک تصویر شیئر کی ہے جس کے نیچے انہوں نے واضح طور پر لکھا ہے کہ میں ایشین گیمز میں شرکت کیلئے تیار ہوں اور گیمز میں صرف 25 روز کا وقفہ رہ گیا ہے تمام لوگ مجھے اپنی دعائوں پر یاد رکھیں۔