صرف ایک ماہ کی ٹریننگ سے میڈلز کا حصول مشکل،عارف حسن

اسلام آباد ۔ (سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن نے کہاہے کہ ایشین گیمز میں کھلاڑیوں سے زیادہ توقعات وابستہ کرنا درست نہیں کیونکہ ایک ماہ کے تربیتی کیمپس لگانے سے گیمز میں میڈلز حاصل کرنا مشکل ہو گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں ایک مقامی ہوٹل میں پاکستان اولپمک ایسوسی ایشن کے زیراہتمام سپورٹس میڈیسن اور کھلاڑیوں کو ممنوعہ ادویات سے بچائو کے حوالے سے دو روزہ آئی او سی اولمپک سالیڈیرٹی سیمینار کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرلز منصور احمد ڈاکٹر وقار احمد، محمد اعظم ڈار ، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل خالد محمود چوہدری کے علاوہ مختلف سپورٹس تنظیموں کے عہدیدار، کوچز اور کھلاڑیوں کی کیثر تعداد بھی موجود تھی۔ انہوں نے غیر ممنوعہ ادویات کے حوالے سے کہا کہ کھلاڑی کو اس پر سختی سے عمل کرنا چاہئے اور کھلاڑی بغیر ڈاکٹر اور کوچز کوبتائے کوئی دوا استمعال نہ کریں، انہوں نے کہا کہ کھلاڑی کسی بھی ملک کے سفیر کا درجہ رکھتے ہیں ان کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے، انہوں نے نے کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے اور کھلاڑیوں کو اچھا کھیل پیش کرکے ملک کا نام روشن کرنا چاہئے، انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل سطح پر کھیلوں کے مقابلوں میں شرکت سے کھلاڑیوں کو تجربہ اور سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ 245 کھلاڑیوں اور آفیشلز کے دستہ کو ایشین گیمز میں شرکت کیلئے بھیج رہا ہے اس سلسلہ میں فنڈز جاری ہوچکے ہیں اور جوڈو کے دو کھلاڑیوں کو پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اپنے خرچے پر بھیجے گی جن میں قیصر خان اور شاہ حسین شاہ شامل ہیں جبکہ 113 کھلاڑیوں اور آفیشلز کا دستہ کے اخراجات فیڈریشنز خود کریں گی جن میں فٹ بال اور برج کے علاوہ دیگر دوسری کھیلیں بھی شامل ہیں۔

تعارف: newseditor