سری لنکا کی ناکامیاں جاری،جنوبی افریقہ کی مسلسل تیسری جیت

کینڈی (سپورٹس لنک رپورٹ) جنوبی افریقا نے سری لنکا کو 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز کے تیسرے میچ میں باآسانی 78 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 3-0 فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔ نوجوان بیٹسمین ریزا ہینڈرس کی اولین ون ڈے سنچری نے فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ میزبان سری لنکا کے کپتان اینجلو میتھیوز نے ٹاس جیت کر پروٹیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ جنوبی افریقاہ کی جانب سے تجربہ کار بیٹسمین ہاشم آملہ نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور کوائنٹن ڈی کوک کے ساتھ شراکت میں 42 رنز بنائے تاہم ڈی کوک صرف 2 رنز جوڑ کر آؤٹ ہوئے۔ ہاشم آملہ اور ہینڈرکس نے دوسری وکٹ میں اسکور کو 101 تک پہنچادیا اور ہاشم آملہ 59 رنز کی اننگز کے بعد آؤٹ ہوئے جس کے بعد کپتان ڈوپلیسی بھی 10 رنز کا اضافہ کرکے 137 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے۔ جے پی ڈومینی نے ہینڈرکس کا بھرپور ساتھ دیا اور اسکور کو 215 تک لے کر گئے اس دوران ہینڈرکس نے اپنی سنچری بھی مکمل کرلی۔ ہینڈرکس نے 8 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 102 رنز بنائے جس کے بعد ڈومینی اور ڈیوڈ ملر نے 113 رنزکی شراکت قائم کی تاہم ڈومینی اپنی سنچری مکمل نہ کرپائے اور 92رنز بنا کر پریرا کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ ڈیوڈ ملر 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو اسکور 340 رنز تھا جس کے بعد فیلوکوایو نے 24 رنز بنا کر مقررہ اوورز میں 363 کا مجموعہ سجا دیا۔ سری لنکا کی جانب سے پریرا نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں اور 2 کھلاڑیوں کو کمارا نے آؤٹ کیا۔ میزبان ٹیم کو ہدف کے تعاقب میں 20 کے اسکور پر پہلا نقصان اٹھانا پڑا جب نروشان ڈکوویلا 10 رنز بنا کر آوٹ ہوئے، اپل تھرنگا 20 رنز بنا کر آؤ ہونے والے دوسرے کھلاڑی تھے۔کشال پریرا نے 27 اور مینڈس نے 31 رنز بنا کر ٹیم کو ہدف کے قریب پہنچانے کی کوشش کی لیکن ایک بڑی شراکت قائم کرنے میں ناکام رہے جبکہ تھسارا پریرا بھی 16 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ کپتان میتھیوز نے نے دھنن جیا ڈی سلوا کے ساتھ کچھ مزاحمت کی تاہم 32 کے انفرادی اسکور پر تبریز شمسی کا نشانہ بن گئے۔ ڈی سلوا نے سب سے زیادہ 84 رنز بنائے لیکن ٹیم کو جیت دلانے میں ناکام ہوئے، اکیلا دنانجیا نے 37 رنز بنائے۔سری لنکا کی پوری ٹیم 45 ویں اوور کی دوسری گیند پر 285 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور 78 رنز سے شکست ہوئی۔جنوبی افریقا نے اس کامیابی کے ساتھ 5 میچوں کی سیریز بھی اپنے نام کرلی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا چوتھا میچ 8 اگست کو کینڈی میں ہی کھیلا جائے گا۔

تعارف: newseditor