لاہور۔(سپورٹس لنک رپورٹ) ساف انڈر 15 ویمنز فٹ بال چیمپئن شپ کیلئے قومی خواتین فٹ بال ٹیم بھوٹان روانہ ہو گئی، 9 اگست سے 19ا گست تک تھمفو میں شیڈول ایونٹ کیلئے منتخب قومی سکواڈ میں عدن آفتاب، عالیہ صادق، نور قیصر، انوشے عثمان، فاطمہ سحر، رمشا نیازی، سماویہ یاسر، نادیہ کریم، سیدہ ام زنیرہ شاہ، فیامہ قیوم، علیزہ، شمائلہ حسین، مریم زہری، علینہ اصفہانی، شانزہ، صنوبر، سیمل سعد، عائشہ نسیم، زارا حمید، نبیہا اسد قریشی شامل ہیں، محمد رشید ہیڈ کوچ، کرن الیاس غوری اور اسماء عثمان اسسٹنٹ کوچز، ساجدہ فجر فزیو، جعفر خان گول کیپر کوچ کے طور پر سکواڈ کے ہمراہ روانہ ہوئے، قومی ویمنز انڈر15ٹیم ساف چیمپئن شپ میں اپنی مہم کا آغاز ایونٹ کے افتتاحی روز بنگلہ دیش کیخلاف میچ سے کرے گی۔بھوٹان روانہ ہونے والی ٹیم کے حوالے سے اپنے پیغام میں صدر پی ایف ایف سید فیصل صالح حیات نے کہا کہ ملک میں خواتین فٹ بال کے فروغ پر خصوصی توجہ مرکوز ہے،قومی سطح پر ہونے والے مقابلوں سے بہترین پلیئرز کا انتخاب کیا گیا ہے،ٹریننگ کیمپس میں بھی کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جارہی ہیں،خواتین فٹ بال میں پاکستان کو ایک قوت بنانے کیلئے پی ایف ایف ایک جذبے کیساتھ آگئے بڑھ رہی ہے،بتدریج آگے بڑھتے ہوئے مستقبل میں مزید مضبوط اور متوازن ٹیمیں تشکیل دینے میں کامیاب ہوجائیں گے۔