اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)عمران خان کی بطور وزیراعظم تقریب حلف برداری میں تین سابق بھارتی کھلاڑیوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔عمران خان کی بطور وزیراعظم حلف برداری کی تقریب 18 اگست کو ہونے کا امکان ہے جس کے لیے مہمانوں کو دعوت نامے جاری کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔سینیٹر فیصل جاوید نے بتایا کہ عمران خان نے بطور وزیراعظم اپنی تقریب حلف برداری میں تین سابق بھارتی کھلاڑیوں کو بھی مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ عمران خان نے کپل دیو، سنیل گواسکر اور نوجوت سنگھ سدھو کو تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت دی ہے۔چند روز قبل سنیل گواسکر نے بھی اس بات کی تصدیق کی تھی کہ انہیں عمران خان کی جانب سے تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت ملی ہے تاہم بھارت اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ میچ کی وجہ سے اُن کی تقریب میں شرکت مشکوک ہے۔تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے بھی اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان کی بطور وزیراعظم تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے بالی وڈ اداکار عامر خان کو بھی دعوت دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق عمران خان نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کو بھی تقریب حلف برداری میں شرکت کا دعوت نامہ بھجوا دیا ہے۔