انڈر19ون ڈے، پشاورکی فتوحات کا سلسلہ رک گیا

راولپنڈی (سپورٹس لنک رپورٹ) پی سی بی انٹر ریجن انڈر19 ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ میں پشاور ریجن کی ٹیم ابتدائی چھ میچ جیتنے کے بعد بدھ کو پہلا میچ ہارگئی۔ تاہم پشاور اور کراچی بلیوز کی ٹیمیں چھ چھ میچ جیت کر سیمی فائنل کھیلنے کے لئے مضبوط امیدوار ہیں۔ این بی پی گرائونڈ میں سیالکوٹ ریجن نے پشاور کی مسلسل فتوحات کو سلسلہ ختم کیا اور اسے چھ وکٹ سے شکست دی۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں آٹھویں رائونڈ میں ملتان نے بہاولپور کو چار وکٹ سے ہرادیا۔ یوبی ایل کمپلکس میں لاہور بلیوز نے حیدرآباد کے خلاف پانچ وکٹ سے کامیابی حاصل کی۔ ٹی ایم سی گرائونڈ میں لاڑکانہ نے ایبٹ آباد کو74 رنز پر آئوٹ کرکے میچ 75 رنز سے جیت لیا۔ عامر علی نے گیارہ رنز دے کر چار وکٹ حاصل کئے۔ گروپ اے میں فاٹا نے راولپنڈی کو گیارہ رنز، ڈیرہ مراد جمالی نے لاہور وائٹس کو 156 رنز سے شکست دے دی۔ لاہور کی ٹیم صرف 56 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔ فہد حسین نے سات رنز دے کر چار وکٹ حاصل کئے۔ کوئٹہ نے فیصل آباد کو 17 رنز سے مات دے دی۔ ڈائمنڈ گرائونڈ میں اے جے کے کی ٹیم 56 رنز پر آئوٹ ہوگئی ۔ اسلام آباد نے میچ چھ وکٹ سے جیت لیا۔

تعارف: newseditor