پہلی انٹرنیشنل قراقرم میراتھن جیتنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم

اسلام آباد (سپورٹس لنک رپورٹ) پہلی انٹرنیشنل قراقرم میراتھن کی تقسیمِ انعامات کی تقریب سرینا ہوٹل اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان اس تقریب کے مہمان ِ خصوصی تھے۔ مہمانِ خصوصی نے جیتنے والے کھلاڑیوں میں میڈلز اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے سربراہ نے اس شاندار ایونٹ کے انتظامات پر اسپانسرز اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہا ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ غیر ملکی مہمان پاکستان بہترین یادیں سمیٹ کر لے جائیں گے اورہماری روایتی میزبانی کے جذبوں کو بھی یاد رکھیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ کھیل نہ صرف صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ دیتے ہیں بلکہ مقابلوں میں حصہ لینے ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کی مضبوطی کا بھی باعث بنتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ نلتر وادی کو سرمائی کھیلوں کا مرکز بنانا چاہتی ہے اور مستقبل میں بھی اس خوبصور ت علاقے میں اس طرح کے مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

42KM کی ریس میں اسلم خان نے سونے جبکہ اسحاق خان نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔کانسی کا تمغہ عبیدالرحمان کے حصے میں آیا۔خواتین کی کٹیگری میں کیرولین ڈریو نے سونے کا تمغہ اور ہیتھرلی نے چاندی کا تمغہ جیتا جبکہ ایڈٹ کس نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ 21KM کی دوڑ میں شاہد علی نے سونے کا جبکہ عدنان خان اور نذر شاہ نے بالترتیب چاندی اور کانسی کے تمغے حاصل کیے۔ اسی کیٹگری کے خواتین کے مقابلوں میں نادیہ رحیم ، کوکب سرور اور ثوبیہ علی بالترتیب سونے ، چاندی اور کانسی کے تمغوں کی حامل قرار پائیں۔ اپنی نوعیت کی یہ منفردمیراتھن ریس سطح سمندر سے11300فٹ کی بلندی پر نلتر کی خوبصور ت وادی میں منعقد ہوئی۔ پاک فضائیہ نے بین الاقوامی میراتھن ٹریول کمپنی، زیڈ ایڈوانچر اور سیرینا ہوٹلز کے باہمی اشتراک سے یہ مقابلے منعقد کروائے۔ اس ریس میں کل 150اتھلیٹس نے حصہ لیا جن میں جرمنی ، ہنگری ،ٹرینیڈاڈ ، اٹلی، امریکہ،ڈنمارک ،برطانیہ، آسٹریلیا ، بیلجیم ،مصر، تونیسیا، فیرو آئی لینڈ ، پولینڈ، قطر ، یو اے ای، ارجنٹینا ، آئرلینڈ، تائیوان ، چائنا ، سکاٹ لینڈ اورنیدر لینڈکے رنرز بھی شامل ہیں۔

تعارف: newseditor