لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)وزیر کھیل و امور نوجوانان پنجاب تیمور خان نے منگل کے روز نشترپارک سپورٹس کمپلیکس میں ای لائبریری کا دورہ کیا اور مختلف شعبوں کا معائنہ کیا، ہیڈ لائبریرین آصف بلال نے وزیر کھیل کو بریفنگ دی، وزیر کھیل کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ای لائبریری کے آڈیٹوریم میں 150نشستیں ہیں جبکہ ایک ہال ہے جس میں مختلف تقریبات منعقد کرنے کی سہولت میسرہے، اس کے علاوہ آئی ٓٹی روم اور ریڈنگ روم بھی بنائے گئے ہیں، 40لیپ ٹاپ، 20 ٹیبلٹ، تین ہزار مطبوعہ کتابیں، اور تقریباً دو لاکھ ای بکس بھی موجود ہیں۔
وزیر کھیل و امور نوجوانان پنجاب تیمور خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ای لائبریری جدید دور کی اہم ضرورت ہے جس سے ہمارے نوجوان دنیا میں رونما ہونے والی تبدیلیوں سے آگاہ ہوسکتے ہیں، نوجوان اس سے استعفادہ حاصل کریں اور اپنی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنائیں، پنجاب حکومت نوجوانوں کو جدید سہولتیں فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے، نوجوانوں کو جو بھی سہولت درکار ہوگی ان کو فراہم کی جائے گی،نوجوان محنت اور لگن کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھتے رہیں۔