قومی ویمن بلائنڈ کرکٹرز کی تربیتی کا دوسرا مرحلہ 26ستمبر سے


اسلام آباد ۔ (سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی) کے زیر اہتمام آسٹریلین ہائی کمیشن کے تعاون سے قومی بلائنڈ خواتین کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ کا دوسرا مرحلہ 26 ستمبر سے شروع ہو گا جو یکم اکتوبر تک جاری رہے گا۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے حکام نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ لاہور میں ہونے والے تربیتی کیمپ کے دوسرے مرحلہ میں ملک بھر سے 30 کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا ہے۔تربیتی کیمپ میں قومی بلائنڈ خواتین کھلاڑیوں کو کوچ نفیس احمد جدید اور اعلیٰ معیار کی تربیت دیں گے۔ تربیتی کیمپ میں سے 25 کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا جائے گا۔ قبل ازیں پہلے تربیتی کیمپ میں سے بھی 25 کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا تھا تاہم نیپال کے خلاف ہوم سیریز کیلئے 16 رکنی باصلاحیت خواتین بلائنڈ کھلاڑیوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا جنہیں نیپال کے خلاف رواں سال ہوم سیریز میں میدان میں اتاریں گے۔نیپال کی ویمنز بلائنڈ کرکٹ ٹیم جنوری میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔ اپنے دورے کے دوران وہ پاکستان کی ویمنز خواتین ٹیم کے ساتھ 5 ٹی20 میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ اس حوالہ سے نیپال کی بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین میجر پاون گیمرے اور پی بی سی سی کے چیئرمین سید سلطان شاہ کے درمیان دورے کے حوالے سے بات چیت ہو چکی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان میچوں کی سیریز پاکستان کے مختلف شہروں میں ہوگی۔

تعارف: newseditor