اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی زیرِ صدارت پاکستان سپورٹس بورڈ میں مورخہ 10ستمبر بروز پیر 2018کو ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوگا جس میں اٹھارویں ایشین گیمز میں قو می د ستہ کی کارکردگی اور آمدہ یوتھ اولمپک گیمز ، ، بیونس آئرس ،ارجنٹائن جو کہ6سے 18اکتوبر2018 کو منعقد ہورہی ہیں میں حصہ لینے کے حوالے سے مختلف معاملات زیرِ بحث آئیں گے۔ اجلاس میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سید عارف حسن اور سیکرٹری جنرل خالد محمود چودھری سمیت وزارت بین الصوبائی رابطہ اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے حکام شرکت کریں گے۔ پاکستان سپورٹس بورڈ کے ترجمان محمد اعظم ڈار کے مطابق اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کو دعوت ارسال کر دی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اجلاس میں مربوط حکمتِ عملی طے کی جائیگی تا کہ کھیلوں کی ترقی میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جا سکے اور بین الاقوامی سطح پر میڈلز کے حصول کو ممکن بنایا جا سکے ۔