ڈھاکہ(سپورٹس لنک رپورٹ) نتالیا، دیانا اور ثناء میر کی نپی تلی باؤلنگ کی بدولت پاکستان ویمن نے بنگلہ دیش ویمن کو چوتھے اور آخری ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر چار میچوں کی سیریز 3-0 سے اپنے نام کر لی، فاتح ٹیم نے 78 رنز کا ہدف 15ویں اوور میں 3 وکٹوں پر حاصل کیا، کپتان جویریہ خان 36 رنز بنا کر نمایاں رہیں، منیبہ علی نے 18 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو کامیابی دلائی، نتالیا نے 3، دیانا بیگ اور ثناء میر نے 2، 2 وکٹیں لیکر ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ہفتے کو کھیلے گئے چوتھے اور آخری ٹی ٹونٹی میچ میں بنگلہ دیش ویمن ٹیم کی کپتان سلمہ خاتون نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے مہنگا ثابت ہوا
بنگلہ دیشی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 77 رنز پر ڈھیر ہو گئی، پاکستانی باؤلرز کی غیرمعمولی باؤلنگ کے سامنے حریف ٹیم کی کوئی بھی کھلاڑی سنبھل کر نہ کھیل سکی، 9 کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں ناکام رہیں، رومنا احمد 24 اور فہیمہ خاتون 14 رنز بنا کر نمایاں رہیں، نتالیا پرویز نے 3، ثناء میر اور دیانا بیگ نے 2، 2 انعم امین اور ندا ڈار نے ایک، ایک وکٹ لی۔ جواب میں پاکستانی ویمن نے مطلوبہ ہدف 14.5 اوورز میں 3 وکٹوں پر پورا کیا، جویریہ خان 36، ناہیدہ خان 17 اور عائشہ ظفر 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں، منیبہ علی 18 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں، سلمہ خاتون، رومنا احمد اور خدیجہ نے ایک، ایک وکٹ لی۔