لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان سپر لیگ ((پی ایس ایل)) کے چوتھے ایڈیشن سے پہلے ہی اسلام آباد یونائیٹڈ کو زوردار جھٹکا لگ گیا ہے کیونکہ پی ایس ایل تھری کے فائنل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی کپتانی کرنے والے افریقی آل رائونڈر جے پی ڈومنی کا قومی فرائض کے باعث ایونٹ میں شرکت نہ کرنے کا امکان ہے۔جے پی ڈومنی جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ کی جانب سے این او سی نہ ملنے کے باوجود فائنل میچ کھیلنے کیلئے پاکستان آئے تھے اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے ان کی قیادت میں ٹورنامنٹ اپنے نام کیا تھا۔انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کہا کہ ’’مجھے نے پی ایس ایل کے گزشتہ سیزن میں بہت ہی لطف آیا تھا لیکن بدقسمتی سے قومی اور ڈومیسٹک ذمہ داریوں کے باعث چوتھا ایڈیشن کھیلنے کیلئے حامی نہیں بھر سکتا لیکن فرائض کی ادائیگی کے بعد جب بھی ہو سکا، دستیاب ہوں گا‘‘۔واضح رہے کہ جس وقت پی ایس ایل کا چوتھا ایڈیشن دبئی میں ہو رہا ہو گا اس وقت سری لنکا نے جنوبی افریقہ کے دورہ پر جانا ہے جب کہ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کی سیریز ہونی ہے جس کے باعث ویسٹ انڈیز کے سٹار کھلاڑی اندرے رسل کی بھی عدم دستیابی کا امکان ہے۔یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ ((پی ایس ایل))کے چوتھے ایڈیشن کیلئے غیرملکی کھلاڑیوں کی فہرست جاری کی گئی تھی۔پہلی دفعہ پی ایس ایل کا حصہ بننے والے اے بی ڈی ویلیئرز اور سابق آسٹریلوی کپتان سٹیو سمتھ کو پلاٹینم کیٹگری میں شامل کیا گیا ہے۔