لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے وزیر اعظم عمران خان کی سرسبز اور صاف پاکستان مہم کے سلسلہ میں نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں ایمراسنٹر میں پودا لگایا اور ملک کی خوشحالی و ترقی کے لئے دعا کی، اس موقع پر صدر ایمرا آصف بٹ، سیکرٹری سلیم شیخ ، صدر سجال عقیل احمد،سیکرٹری اشرف چودھری، محمد عبداﷲ،عاطف اعوان و دیگر بھی موجود تھے، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل و اُمور نوجوانان رائے تیمورخان بھٹی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر ملک بھر میں سرسبز اور صاف پاکستان کی مہم جاری ہے
اس مہم کو کامیاب بنانے کے لئے ہر شہری کو اپنا حصہ ڈالنا چاہیئے، درخت ماحول کو صاف رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، جتنے زیادہ درخت لگائے جائیں اتنی زیادہ ہمیں فضا صاف ملے گی اور آلودگی سے نجات پائیں گے، صوبائی وزیرکھیل وامورنوجوانان رائے تیمورخان بھٹی نے مزید کہا کہ صوبہ بھر میں سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے ایک لاکھ سے زائد پودے لگائے جاچکے ہیں اور ہم جلد ہی اپنا ٹارگٹ پورا کرلیں گے۔گلوبل وارمنگ سے نمٹنے کیلئے پودے لگانے ضروری ہیں اس سے قبل خیبرپختونخوامیں یہ ٹرینڈکامیاب رہا ہے جس کی بدولت اب پورے پاکستان میں یہ مہم چلائی جارہی ہے ، صوبائی وزیرکھیل وامورنوجوانان رائے تیمورخان بھٹی نے میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں کہا ہے کہ سپورٹس کی بہتری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، سپورٹس کی ترقی کیلئے بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں ۔