دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا نام تبدیل کر دیا، قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے نام کی تبدیلی کو خوش آئند قرار دیا۔تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے جمعے کے روز ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا نام تبدیل کرنے کے حوالے سے اعلامیہ جاری کیا جس کے مطابق آئندہ ایونٹ کو ’ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ‘ لکھا اور پڑھا جائے گا۔آئی سی سی نے سن 2020 میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا شیڈول بھی جاری کیا جس کا انعقاد آسٹریلیا میں کیا جائے گا۔دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے نام کی تبدیلی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان ٹی 20 کی بہترین ٹیموں میں سے ایک ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ امید ہے 2020 کے ٹی20 ورلڈ کپ تک پاکستان ٹیم مزید مضبوط ہوجائے گی اور ہم اس ٹرافی کو حاصل کریں گے۔