کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) ٹی ایم سی گراؤنڈ گلبرگ پر کے سی سی اے زونIII’اے‘ ڈویثرن میںسنسنی خیز مقابلے کے بعد صادق جیم خانہ حریف ٹپال سی سی کیخلاف شکست سے نہ بچ سکی۔ 174رنز کا ہدف فاتح ٹیم نے 8وکٹوں پر حاصل کرلیا۔ راشد حنیف کے 80رنز اور عارف یعقوب کے 33رنز اور 5 وکٹوں کا فتح میں کلیدی کردار۔ وقاص یامین کی عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی بھی ان کی ٹیم کے کام نہ آسکی۔وقاص نے 40قیمتی رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد 15رنز کے عوض 3کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ بھی دکھائی۔ عمر فاروق کی 4وکٹیں بھی کارگر ثابت نہ ہوسکیں۔صادق جیم خانہ نے پہلے بیٹنگ کی اور پوری ٹیم 31.5اوورز میں 173رنز بنا کر پویلین سدھار گئی۔وقاص یامین نے 40رنز کی عمدہ اننگز میں 7چوکے رسید کئے۔ ابرار سموری نے تین چھکے اور ایک چوکا لگا کر 32رنز اسکور کئے۔ رومان نسیم کے 22رنز 3چوکوں پر مشتمل تھے۔انیل ساجدی کے 20رنز میں 3چوکے شامل تھے۔ عارف یعقوب نے انتہائی کفایتی بولنگ کی اور 17رنز پر 5شکار کئے۔بلال رضا کو 27رنز پر 2وکٹ ہاتھ لگے۔ٹپال سی سی مطلوبہ ہدف کے حصول میں کامیاب رہی جب 30.3اوورز میں 8وکٹوں پر 177رنز اسکور بورڈ پر آویزاں کئے گئے۔ٹپال سی سی کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور 64رنز پر 4کھلاڑیوں کے پویلین لوٹنے کے بعد صادق جیم خانہ کا پلہ بھاری نظر آرہا تھا لیکن اوپنر راشد حنیف اور عارف یعقوب کے مابین پانچویں وکٹ پرقیمتی 67رنز کی شراکت نے میچ کا نقشہ بدل دیا۔ راشد حنیف نے14چوکوں کی مدد سے 80رنز اور عارف یعقوب نے 33رنز میں 3بار گیند کو باؤنڈری لائن کراس کرائی اور 2بار گیند کو باؤنڈری لائن کے باہر پھینکا۔عمر فاروق نے 27رنز پر 4حریف بلے بازوں کو کریز چھوڑنے پر مجبور کیا جبکہ وقاص یامین نے 15رنز پر 3کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا۔ایمپائرز محمد یونس اور شاہد اسلم جبکہ محمد منہاج آفیشل اسکورر تھے۔