ابوظہبی ٹیسٹ کا پہلا روز پاکستانی بائولرز کے نام،یاسر شاہ کے 3شکار


ابوظہبی: (سپورٹس لنک رپورٹ)نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف تیسرے اور آخری ٹیسٹ کے پہلے روز 7 وکٹوں کے نقصان پر 229 رنز بنا لیے۔شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں کیویز کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ٹام لیتھم اور جیت راول نے اننگز کا آغاز کیا۔دونوں بلے بازوں نے 24 رنز کی شراکت قائم کی تو ٹام لیتھم شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر ایل بھی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے، انہوں نے اپنے ڈیبیو پر پہلی وکٹ حاصل کی۔اوپننگ بلے باز جیت راول نے 45 رنز کی اننگز کھیلی، جنہیں یاسر شاہ نے آؤٹ کیا جب کہ روس ٹیلر بھی بغیر کوئی رنز بنائے یاسر شاہ کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

نیوزی لینڈ کا مجموعی اسکور 72 تک پہنچا تو کریز پر نئے آنے والے بلے باز ہینری نکولس بھی ایک رنز بنا کر یاسر شاہ کی گھومتی ہوئی گیند پر بولڈ ہوگئے۔پانچویں وکٹ پر کپتان کین ولیمسن اور بی جے واٹلنگ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 104 رنز کی شراکت قائم کی۔کین ولیم سن 89 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر اسد شفیق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ بلال آصف نے گرینڈ ہوم کو 20 اور ٹم ساؤتھی کو دو رنز پر پویلین کی راہ دکھائی۔پہلے روز کا کھیل ختم ہوا تو بی جے واٹلنگ 42 اور سمر ویل 12 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔

تعارف: newseditor