لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)سپورٹس بورڈ پنجاب کے سالانہ سپورٹس کیلنڈر کے تحت نیشنل ٹریننگ اینڈ کوچنگ سنٹر میں لاہور کی تحصیلوں کے میٹ ریسلنگ کے مقابلے منعقد ہوئے جس میں تحصیل لاہور سٹی، تحصیل لاہور کینٹ اور تحصیل ماڈل ٹائون کے 24کھلاڑیوں نے حصہ لیا، فائنل میں تحصیل لاہور سٹی نے تحصیل لاہور کینٹ کو ہرا کر ٹائیٹل جیت لیا۔ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور کی ہدایت پر سپورٹس بورڈ پنجاب کے سالانہ سپورٹس کیلنڈر کے تحت صوبہ بھر میں ہونے والے کھیلوں کے مقابلوں کے لئے کھلاڑیوں کو بہترین سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں
لاہور سمیت پنجاب کے دیگر اضلاع میں لڑکے اور لڑکیوں کے کھیلوں کے مقابلے جاری ہیں، گزشتہ روز تحصیل شیخوپورہ اور تحصیل صفدر آباد نے کبڈی کے میچز جیت لئے، گورنمنٹ فرقان شہید ہائی سکول شیخوپورہ میں ہونے والے پہلے کبڈی کے میچ میں صفدر آباد نے شرقپور کو 15پوائنٹس جبکہ دوسرے میچ میں شیخوپورہ نے مریدکے کو 5پوائنٹس اور تیسرے میچ میں صفدر آباد نے شرقپور کو 5پوائنٹس سے شکست دیدی، مقابلوں میں شیخوپورہ، صفدر آباد ، شرقپور ،فیروزوالہ اور مریدکے کے 70کھلاڑیوں نے حصہ لیا
گورنمنٹ بوائز ہائی سکول نارووال میں گرلز کے انٹر تحصیل فٹ بال مقابلے ہوئے جس میں نارووال، ظفر وال اور شکرگڑھ کی تحصیلوں کے 48کھلاڑیوں نے حصہ لیا، نارووال گرلزکی ٹیم نے ظفر وال گرلز کی ٹیم کو شکست دیدی، تحصیل وہاڑی نے انٹر تحصیل کبڈی ٹائیٹل جیت لیا
بورے والہ کی ٹیم رنر اپ رہی، کبڈی مقابلوں میں وہاڑی، بورے والہ اور میلسی کی ٹیموں نے حصہ لیا، شور کوٹ اور جھنگ کی ٹیمیں انٹر تحصیل فٹ بال ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گئیں
پہلے سیمی فائنل میں شورکوٹ نے احمد پور سیال کو اور دوسرے سیمی فائنل میں جھنگ نے اٹھارہ ہزاری کو شکست دی اور فائنل تک رسائی حاصل کی۔