ابوظہبی ٹیسٹ،اظہر علی اور اسد شفیق کی سنچریاں،پاکستانی ٹیم 348رنز بنا کر آئوٹ


ابوظہبی(سپورٹس لنک رپورٹ) اظہر علی اور اسد شفیق کی شاندار سنچریوں کی بدولت پاکستان کی نیوزی لینڈ کے خلاف آخری اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ میں پوزیشن بہتر ہو گئی، پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 348 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، اظہر علی اور اسد شفیق نے ڈٹ کر کیوی باؤلرز کا مقابلہ کیا، دونوں بلے بازوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 201 قیمتی رنز بنا کر نہ صرف حریف ٹیم کی پہلی اننگز کا سکور برابر کیا بلکہ ٹیم کو برتری بھی دلائی، اظہر علی 134 اور اسد شفیق 104 رنز بنا کر نمایاں رہے، سومر ویلی نے 4 وکٹیں لیں، جواب میں نیوزی لینڈ نے تیسرے روز کھیل کے اختتام تک اپنی دوسری اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 26 رنز بنا لئے تھے اور اسے گرین شرٹس کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کیلئے مزید 48 رنز کی ضرورت ہے اور اس کی 8 وکٹیں باقی ہیں، ولیمسن 14 اور سومر ویلی ایک رن کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، شاہین شاہ آفریدی اور یاسر شاہ نے ایک، ایک وکٹ لی۔ بدھ کو آخری اور فیصلہ کن کرکٹ ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پاکستانی ٹیم نے 139 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو اظہر علی 62 اور اسد شفیق 26 رنز پر کھیل رہے تھے، دونوں بلے بازوں نے انتہائی شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 201 قیمتی رنز بنا کر نہ صرف حریف ٹیم کی پہلی اننگز کا سکور برابر کیا بلکہ ٹیم کو برتری بھی دلا دی

اسی دوران اظہر علی نے شاندار سنچری بھی مکمل کی، 286 کے مجموعی سکور پر سومرویلی نے اظہر کو آؤٹ کر کے نہ صرف اہم پارٹنرشپ توڑی بلکہ ٹیم کو بڑی کامیابی بھی دلائی، انہوں نے 134 رنز کی اننگز کھیلی، 304 کے سکور پر اسد شفیق بھی سنچری مکمل کرنے کے بعد 104 کے انفرادی سکور پر اعجاز پٹیل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، اس کے بعد پاکستان کا کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکا، بابر اعظم 14 رنز بنا کر سومر ویلی کی گیند پر بولڈ ہوئے، بلال آصف 11 رنز بنا کر چلتے بنے، یاسر شاہ ایک رن بنا کر رن آؤٹ ہوئے، حسن علی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، 348 کے سکور پر پاکستان کی آخری وکٹ گری جب کپتان سرفراز احمد 25 رنز بنانے کے بعد سومر ویلی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، سومر ویلی نے 4، ٹرینٹ بولٹ اور اعجاز پٹیل نے 2، 2 اور ٹم ساؤتھی نے ایک وکٹ لی۔ جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 74 رنز کے خسارے کے ساتھ دوسری اننگز شروع کی تو چوتھے ہی اوور میں شاہین شاہ نے جیت راول کو آؤٹ کر کے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی، راول بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، 24 کے سکور پر ٹام لیتھم 10 رنز بنانے کے بعد یاسر شاہ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، اس طرح تیسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو نیوزی لینڈ نے 2 وکٹوں پر 26 رنز بنا لئے تھے اور اسے شاہینوں کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کیلئے مزید 48 رنز درکار ہیں، ولیمسن 14 اور سومر ویلی ایک رن کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، شاہین شاہ آفریدی اور یاسر شاہ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

error: Content is protected !!