ممبئی (سپورٹس لنک رپورٹ) سابق بھارتی کرکٹر وورکیری ونکت رامن بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ مقرر ہو گئے، انہیں رامیش پووار کی جگہ یہ ذمہ داری دی گئی ہے، رامیش کو ویمنز ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ کیلئے عبوری بنیادوں پر ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داری سونپی گئی تھی، بھارتی ویمن ٹیم کی ورلڈ کپ سیمی فائنل میں شکست کے ساتھ ہی ان کا معاہدہ بھی ختم ہو گیا تھا۔بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق کیپل دیو کی سربراہی میں قائم ایڈہاک پینل نے وورکیری رامن کو کوچ بنانے کی سفارش کی تھی جس کے بعد بورڈ نے باضابطہ طور پر انہیں ویمن ٹیم کا کوچ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا۔ ایڈہاک پینل نے گیری کرسٹن اور ونکاتیش پریساد کو بھی شارٹ لسٹ کیا تھا تاہم حتمی طور پر رامن کے نام کی منظوری دی گئی۔ رامن کو 11 ٹیسٹ اور 27 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں ملک کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے۔